90روز میں انتخابات یقینی بنائیں،قریشی کی نگران وزیراعظم کو چٹھی

اسلام آباد(بیورورپورٹ)ملک کو پھر سے آئین و قانون کی راہ پر چلانے کا وقت آن پہنچا،90روز میں انتخابات یقینی بنائیں،وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کو خط لکھ دیا۔

شاہ محمود قریشی نے خط میں کہا ملک دستور کی مکمل تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے، سابق حکومت نے ریاستی اداروں کو آئین کے مطابق چلانے کی بجائے اپنی جگہ بنانے اور خود کو احتساب سے بچانے کیلئے ایک کے بعد دوسرا حربہ استعمال کیا جس سے ریاست کی بنیادوں کو بے پناہ نقصان پہنچایا۔

وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاسابق حکمرانوں نے پی ٹی آئی کو انتخابی دوڑ سے باہر کرنے کی نیت سے ریاستی اداروں کا بے دریغ استعمال کیا،چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل میں نہایت ناگفتہ بہہ و انسانیت سوز حالات میں رکھا گیا ، جیل میں روا رکھا جانے والا سلوک کسی بھی ملک کے انتظامی و عدالتی نظام کے چہرے پر بد نما داغ ہے، عمران خان کو آئین و جیل قواعد کے مطابق بنیادی حقوق کی فراہمی کےلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہاملک کو پھر سے آئین و قانون کی راہ پر چلانے کا وقت آن پہنچا ،دستور اسمبلی کی قبل از وقت تحلیل کی صورت میں 90 روز میں انتخابات کا حکم دیتا ہے، لہٰذاپر اصرار مطالبہ ہے آپ بروقت انتخابات کو یقینی بنائیں،مشترکہ مفادات کونسل کی جانب سے مردم شماری نتائج کی تاخیر سے منظوری کے بعد نئی حلقہ بندیوں کے معاملے کو انتخابات میں التوا کا بہانہ ہر گز نہیں بنایا جا سکتا، انتخابات کی ساکھ کیلئے لازم ہے فریقین کو انتخابی مقابلے کیلئے مساوی میدان فراہم کیا جائے ، موجود حالات میں آپ کا منصفانہ طرزعمل جمہوری اقدار پر عوام کے اعتماد میں پختگی و تقویت کا موجب بنے گا۔