ایک 2 روز کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو جیل بھیج کر کیا کرینگے،عدالت عظمیٰ

کراچی(بیورورپورٹ)عدالت عظمیٰ نے گجر نالہ اور اورنگی ٹاون نالہ متاثرین بحالی کیس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس علی مظہر اور جسٹس سید حسن اظہر رضوی پر مشتمل سپیشل بنچ نے توہین عدالت درخواست پر سماعت کی،درخواست گزار کے وکیل فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا سپریم کورٹ نے 25 اکتوبر 2021 میں آخری حکم دیا۔

جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دیئے توہین عدالت درخواست کیوں دائر کی اب آپ نے؟ فیصل صدیقی ایڈوکیٹ نے کہا 2 سال ہوچکے کسی ایک شخص کو گھر نہیں ملا، سندھ حکومت نے اورنگی، گجر نالوں کے متاثرین کی حامی بھری،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا سندھ حکومت نے 2 سال میں بحالی کا پلان دیا، آپ 2، 3 ماہ پہلے ہی سپریم کورٹ آگئے،درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا پہلے اس لیے آئے کیونکہ کوئی ایک کام نہیں ہوا، گھروں کے علاوہ سوک سہولیات اور سندھ حکومت کو ہر ماہ پیشرفت رپورٹ دینا تھی،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کیا چیف سیکرٹری کی کوئی رپورٹ پیش ہوئی؟ اب تو وزیر اعلیٰ سندھ ایک 2 روز میں چلے جائیں گے۔

فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے موقف ا پناتے ہوئے کہا 2 سالوں میں متاثرین کو 4 چیکس دینا تھے،چیک کرائے کی مد میں دینا تھے، 4 میں سے صرف 2 چیک ادا کیے گئے،جسٹس علی مظہر نے استفسار کیا کیا متاثرین نے سندھ حکومت سے رابطہ کیا؟ کیا معاملے میں کوئی فوکل پرسن ہے؟ کیونکہ غریب آدمی براہ راست وزیر اعلیٰ سندھ سے کیسے رابطہ کرے گا؟ غریب آدمی تو وزیر اعلیٰ سندھ ہاوس میں داخل نہیں ہوسکتا، لوگ پہلے ہی گھر نہ ملنے پر پریشان ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے وزیر اعلیٰ سندھ کی طلبی کا معاملہ چیف سیکرٹری کی رپورٹ کے بعد کریں گے، وزیراعلیٰ ایک 2روز کے رہ گئے، جیل بھیج کر کیا کریں گے،سپریم کورٹ نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ،میئر کراچی مرتضیٰ وہاب،چیف سیکرٹری ، کمشنر کراچی، ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو جمعرات صبح 11 بجے پیش ہونے کا حکم جاری کر دیا۔