ٹریڈ آرگنائزیشن رولز 2022ءکا نفاذ، چیمبرز الیکشن 2024 میں ہوں گے

لاہور(کامرس رپورٹر) عدالتی فیصلوں اور ٹریڈ آرگنائزیشن (امینڈمنٹ) ایکٹ 2022 کے رولز کے نفاذ کی صورت میں ٹریڈ آرگنائزیشنز اور چیمبرز کے الیکشن اب 2024ءمیں ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے ٹریڈ آرگنائزیشن (امینڈمنٹ) ایکٹ 2022 کے رولز کا نفاذ کر دیا ہے۔ واضح رہے گزشتہ سال اس بل کی پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد سے رولز کا تعین نہیں ہو سکا تھا۔ جس کے بعد پورے پاکستان کی ٹریڈ آرگنائزیشنز کی نظریں ایک مرتبہ پھر ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشن (DGTO) آفس پر ہیں۔ اب ڈی جی ٹی او آفس ہی اس سال الیکشن کروانے یا نہ کروانے پر فیصلہ کریں گے جس کا انتظار تمام تجارتی تنظیموں کو ہو گا۔ ٹریڈ آرگنائزیشن (امینڈمنٹ) ایکٹ 2022 کے رولز کے نفاذ کے بعد پاکستان کی تمام ٹریڈ آرگنائزیشنز کے عہدیداران، ایگزیکٹیو کمیٹی ممبران بورڈ ممبران، اور آفس بیئررز کی دو سالہ مدت پر مہر تصدیق ثبت کر دی گئی ہے۔ اب تما م ٹریڈ آرگنائزیشنز میں الیکشن اگلے سال یعنی 2024 میں ہوں گے۔نئے آنے والے رولز کے مطابق، تمام ٹریڈ آرگنائزیشنز او ر چیمبرز کے عہدیداران بشمول، صدر، سینئر نائب صدر، اور نائب صدر کی مدت دو سال برقرار رہے گی جبکہ آئندہ ایگزیکٹیو کمیٹی ممبران، اور آفس بیئررز اکٹھے ہی ریٹائر ہوا کریں گے۔یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ٹریڈ آرگنائزیشن (امینڈمنٹ) ایکٹ 2022 ریٹائر ہونے والے ای سی ممبران کے متعلق خاموش ہے۔ اس حوالے سے ٹریڈ آرگنائزیشن امینڈمنٹ ایکٹ 2022 کے تحت، رولز میں ترامیم منظور کر لی گئی ہیں جن کا نفاذ بھی کر دیا گیا ہے۔