لاہور (خبرنگار) بلدیہ عظمیٰ لاہور میں غیر قانونی طور پر ضم ہونیوالے افسروں کی نشاندہی کے بعد اعلیٰ سطحی انکوائری کا آغاز ہوگیا مگر متعدد اہلکار ابھی بھی محکمے کی نظروں سے اوجھل ہیں۔ بلدیہ عظمیٰ میں غیر قانونی ضم ہونے کے بعد تنخواہوں اور مراعات کی مد میں محکمہ سے کروڑوں روپے کی چوری کرنیوالوں کے خلاف بھی کاروائی ناگزیر صورتحال اختیار کر گئی۔ اینٹی کرپشن نے سابقہ بزرگ افسر پی ایس او ٹو ایڈمنسٹریٹر اور چیف آفیسر کی محکمے میں غیر قانونی ابزاربشن کی تحریری سفارش کی تھی جس پر تحقیقات کا عمل شروع ہو چکا ہے مگر ابھی بھی عمومی طور پر محکمہ بلدیات اور خصوصی طور پر ایم سی ایل میں متعدد اہلکار ایسے موجود ہیں جن کی ابزاربشن، غیر قانونی ترقیاں اور کیڈر تبدیلی کا معاملہ بھی متنازع ہے جس میں عمران اشرف رامے کا نام قابل ذکر ہے، ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ مذکورہ افسر ریسکیو1122میں گریڈ 11 کا جونیئر ترین فائرریسکیورتھا اورسابقہ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ میں سازبازکے ذریعے ڈیپوٹیشن حاصل کرنے میں نہ صرف کامیاب ہوا بلکہ گریڈ16 بھی حاصل کرلیا۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ مذکورہ افسر کو بغیر کسی قانونی مشاورت کے ایم سی ایل کے شعبہ فائر بریگیڈ ڈائنگ کیڈر(مردہ) میں ضم ہے، اور اپنی ابزاربشن سے لیکر اب تک بلدیہ عظمیٰ کے اکاﺅنٹ سے کروڑوں روپے کی تنخواہیں اور مراعات حاصل کرچکا ہے۔ البتہ مذکورہ ملزم عمران اشرف رامے کی غیر قانونی ابزاربشن کے خلاف سپیشل آڈٹ رپورٹ میں بھی تذکرہ کیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود غیر قانونی ابزاربشن حاصل کرنے والے مذکورہ افسر کے خلاف ابھی تک قانون کا حرکت میں نہ آنا اچھنبے کی بات ہے۔
بلدیہ عظمیٰ،غیر قانونی ضم افسروں کی اعلیٰ سطحی انکوائری شروع ،متعدد اہلکار قانون کی نظر سے اب بھی اوجھل



















