اسلام آباد (بیورورپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے سانحہ 9مئی نے تاریخ کو داغدار کیا ایسے شخص کا چہرہ سامنے آگیا جو اپنے مفاد کیلئے کچھ بھی کرسکتا ہے،تحفے بیچنا شرم کامقام ہے،فخر ہے 33 سال سے ایوان میں ہوں، اسمبلی آیا تو بال کالے تھے اب سفید ہو گئے ، 15 ماہ بڑا اتار چڑھاو رہا، کہا جاتا رہا اسمبلی آج جا رہی ہے کل جا رہی ہے، توقع کرتا ہوں الیکشن کے بعد دوبارہ واپس آکر مہنگائی کم کریں گے۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاسوشل میڈیا پر بخیے ادھیڑے جاتے ہیں، 9 مئی کوشہدا کی یادگاروں کو جلایا گیا، فریال تالپور سمیت خواتین کے جیل میں جانے کی لمبی داستان ہے، گزشتہ روز ایک شخص کہہ رہا تھا مجھے جیل سے نکالو ابھی تو جیل میں 2 دن ہوئے ہیں، ایسے کیس میں پکڑا گیا شرم کا مقام ہے تحفے بیچ دئیے۔
خواجہ آصف نے کہاشہدا کو یاد نہ کرنےوالی قومیں مٹ جاتی ہیں، دہشتگردی کےخلاف جنگ جاری ہے، آنےوالے الیکشن میں بڑا چیلنج معیشت کا ہے، مہنگائی نے عام شہری کو بہت متاثر کیا، عدلیہ کو سیاسی کردار کی بجائے کیسز پر توجہ دینی چاہیے، 2670ارب کے ایف بی آر کیسز پینڈنگ ہیں اگر50 فیصد بھی ریکور ہو جائیں تو 6 سے 7 ارب ڈالر آجائیں گے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا4 ہزار ارب سے زائد بجلی و گیس کا سرکلرڈیٹ ہے، بڑی بڑی مارکیٹوں کے اندر 80 فیصد بجلی چوری ہوتی ہے، کرپشن ملکی ڈھانچے کو کھا رہی ہے، پاور فل طبقے کی کرپشن ملک میں غربت، مہنگائی بڑھا رہی ہے، کرپشن ختم کر دیں تو آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں ، ہو سکتا ہے کوئی جج صاحب سن لے اور تھوڑا خیال آجائے۔
خواجہ آصف نے کہا اسمبلی میں بہت سی چیزیں ایسی ہوئیں جس پر شرمندگی بھی ہے، پہلے مارشل لا پارلیمنٹ پر شب خون مارتے تھے، نواز شریف ،بےنظیر بھٹو نے راستہ بند کردیا،پارلیمنٹ کے تقدس کا تحفظ قائم رکھنا ہے، گرین نمبر کی پلیٹیں، جھنڈوں کی بجائے عوام کے ساتھ رشتے کو مضبوط کرنا ہو گا، کسی پر تنقید نہیں کر رہا۔
سانحہ9مئی نے تاریخ کو داغدار کیا،ملک دشمن بے نقاب،تحفے بیچنا شرم کامقام ہے،خواجہ آصف



















