نااہل ٹولے کودوبار ہ مسلط کیا گیا تو پھر گریبان سے پکڑ کرنکالیں گے،فضل الرحمن

ڈیرہ اسماعیل خان (مشرق نیوز)سربراہ پی ڈی ایم و امیر جے یوآئی فضل الرحمن نے کہاہے نااہل ٹولے کودوبار ہ مسلط کیا گیا تو پھر گریبان سے پکڑ کرنکالیں گے۔

ڈی آئی خان میںترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہاملکی ترقی کا راستہ روکنے والے نااہل ٹولے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اقتدار کی کرسی سے اتار کر باہر پھینکا،ناجائز حکومت کو چیلنج کیا آئندہ بھی نااہل لوگ مسلط کئے گئے تو پھر گریبان سے پکڑ کر نکالیں گے، گزشتہ حکومت نے ترقی کا پہیہ جام کر دیاتھا، کسی ایک بھی میگا پراجیکٹ کا افتتاح کسی نے نہیں دیکھا،ملک میں سراٹھا کر غیرت کی سیاست کی،سڑکوں پر رہے اور دنیا کو بتایا ناجائز حکومت کو چیلنج کرنےوالے کیسے ہوتے ہیں، لڑنے کا تجربہ ہے، آگے بھی غیرت کےساتھ چلنا ہے۔

سربراہ پی ڈی ایم نے مزید کہاوزیراعظم فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈیرہ غازی خان کی ترقی میں دلچسپی لیتے ہیں، وزیراعظم کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

فضل الرحمن نے کہا پی ٹی آئی حکومت میں مہنگائی کا پہاڑ پوری قوم پر گرایا گیا، متبادل سوچنا پڑے گا، نئے منصوبے دینا ہوں گے، پورے پاکستان میں میگا پراجیکٹ پر دوبارہ کام شروع ہوگیا ، قوم مزید موقع دے تو ملک ترقی کرے گا، جعلی حکومت پہلے مانی نہ آئندہ مانیں گے۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہاپی ٹی آئی حکومت نے سی پیک کو روک کر اپنے آقاو¿ں سے وفاداری نبھائی ،تمام چھوٹے بڑے ممالک سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں لیکن آقا ،غلام کے تعلق کا انکار کرتے ہیں،قوم کی ذمہ داری بنتی نااہلوں کا راستہ روکے، عوام خود بھی سوچےں ملکی ترقی کو جام کرنےوالے دوبارہ نمائندہ بننے کے حق دار نہیں، ملک اپنا ہے، کسی کی جاگیر نہیں، پاکستان کو عظیم الشان تجارتی شاہراہ دیں گے۔