لاہور (حافظ کاشف سندھو سے)صوبائی دارالحکومت لاہور میں ٹریفک پولیس اور شہریوں کے درمیان ایک عجیب قسم کی رسہ کشی کا سلسلہ جاری ہے۔ کہیں شہری پولیس کے حوالے سے اپنے تندوتیز خیالات کا اظہار کرتے پائے جاتے ہیں تو کہیں ٹریفک پولیس اہلکار قانون کی عدم پاسداری کا رونا روتے ہیں۔ شہریوں کی پریشانیاں اپنی جگہ اہم اور قابل غور ہوتی ہیں مگر بعض اوقات ٹریفک کنٹرول کرنے والے اہلکار اپنے افسران کی تضحیک و سرزنش سے بچنے کیلئے دئیے گئے چالان کے ٹارگٹ پورے کرتے نظر آتے ہیں۔ اس دوران ٹریفک جام رہنا معمول اس کی روانی سے ان کو کوئی سروکار نہیں ہوتاگزشتہ دنوں اسی حوالے سے ایک آڈیو بھی وائرل ہوئی جس میں ڈی ایس پی ٹریفک ماڈل ٹاﺅن سرکل وارڈنزکوحکم دیتے ہوئے سنائی دئیے ناکہ پر موجود وارڈنز 50 سے کم چالان نہیں کریں گے جبکہ پٹرولنگ افسران روزانہ 25 سے30 چالان کریں گے۔ وائرلیس میسج میں یہ بھی کہا گیا 25سےکم چالان کرنیوالےوارڈنزرات 8بجے پیش ہوں گے۔جو چالان نہیں کرے گا اسے ریسٹ بھی نہیں دی جائےگی اور انہیں شوکاز جاری ہوں گے ۔ اسی حوالے سے ٹریفک پولیس اہلکار سے دوران بات چیت کچھ باتیں سامنے آئیں، ٹریفک پولیس اہلکار نےنام ظاہر نہ کرنے کی شرط پہ بتایا کہ پولیس اہلکاروں کے سینے میں بھی دل ہوتا ہے۔ لوگوں کی مجبوری دیکھ کر ہمیں بھی ان پر ترس آتا ہے ہم کسی مجبور,غریب کا چالان نہیں کرتے اور اگر کر دیں تو اپنی (آمدنی) سے اسے چالان جمع کرانے کےلئے پیسے بھی دے دیتے ہیں۔ پولیس اہلکار نے مزید کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اہلکاروں نے جس کو روک لیا اس کا چالان ہونا 99 فیصد یقینی ہے۔اس کے پاس تمام چیزیں مکمل ہوں تو بھی ٹارگٹ پورا کرنے کیلئے چالان تو کرنا ہوگا، چالان کاٹنے کیلئے اتنا ہی کافی ہے کہ اس نے اہلکار کے ہاتھ کے اشارے کی خلاف ورزی کی ہے۔ شہریوں کا چالان مہم کے حوالے سے کہنا تھا پاکستان میں پہلے کس قانون پہ عمل کروایا جاتا ہے کسی ”بڑے “ نے ہیلمٹ کی لاٹ اٹھا لی ہو گی، ایک ڈیڑھ ماہ تک جب وہ لاٹ بک جائیگی تو پھر کسی کو یاد نہیں رہےگا کہ ہیلمٹ کے حوالے سے ہائیکورٹ کے کوئی احکامات بھی تھے۔ دوسری طرف سی ٹی او کیپٹن (ر) مستنصر فیروز کا کہنا تھا کہ صرف چالان کرنا مقصود، نہیں عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا اوّلین ترجیح ہے۔ عوام قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں ، ہائکورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرواتے ہوئے ہیلمٹ اور لائسنس کی پابندی لازمی کروائی جائیں گی۔
ٹریفک پولیس کا عوام کےساتھ ٹارگٹڈ زیادتی کا سلسلہ تھم نہ سکا



















