ساہیوال ڈویژن، بارش کا پانی جمع کرنے کیلئے 50 کنویں بنانے کا منصوبہ منظور

ساہیوال (چوہدری اشرف سے) پسپ پروگرام کے تحت مڈھالی روڈ پر سیوریج پائپ ڈالنے کے کام میں تیزی آگئی ہے اور 36انچ قطر کا پائپ ڈالنے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس سے پہلے 72انچ قطر کا پائپ بھی ڈالا جا چکا ہے۔ اب پوری توجہ42انچ قطر کا پائپ ڈالنے پر ہے جس کا بھی 43فی صد کام مکمل ہو چکا ہے۔ یہ بات پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان نے کمشنر آفس میں پسپ پروگرام کے جائزہ اجلاس میں بتائی جس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹر شاہ زیب، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، اے سی جنرل علیزہ ریحان، پسپ کے سٹی اسجد خان سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے مزید بتایا کہ پسپ مڈھالی روڈ پر تمام کام20اگست تک مکمل کرلے گا جس کے بعد یہ سڑک کارپیٹنگ کےلئے محکمہ ہائی وے کو ہینڈ اوور کر دی جائےگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب پوری توجہ پاکپتن روڈ پر72انچ پائپ بچھانے پرہے اور اس اہم منصوبے کو بھی 30ستمبر تک مکمل کر کے کارپیٹنگ کےلئے ہائی وے کو ہینڈاوور کر دیا جائےگا۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ نو تعمیرتمام سڑکوں کی گرین بیلٹس روڈ لیول سے نیچے رکھی جائے تاکہ بارش کا پانی سڑک پر نہ آئے اور دونوں اطراف تعمیرات کو بھی روڈ لیول سے نیچے رکھنے کا پابند کیا جائے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے جوگی چوک سے ٹیکسی سٹینڈ تک700فٹ سیوریج لائن ڈال کر مین لائن سے منسلک کر دی ہے جس سے جوگی چوک میں سیوریج کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوگیا ہے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے محکمے کو ہدایت کی کہ مال منڈی سے کوٹ خادم علی تک سیوریج لائن بچھانے کا کام بھی فوری شروع کیا جائے۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی کوششوں سے پنجاب حکومت نے ساہیوال ڈویژن میں بارش کے پانی کو سٹور کرکے زیر زمین پانی کو ری چارج کرنے کےلئے 50 کنویں بنانے کے ایک بڑے منصوبے کی منظوری دےدی ہے جن پر لاگت کا کل تخمینہ17کروڑ 17لاکھ 35ہزار روپے لگایا گیا ہے۔ یہ کنویں ڈویژن کے تینوں اضلاع کے تمام بڑے شہروں کے پارکس میں بنائے جائیں گے جن میں صرف بارش کا پانی ہی سٹور ہوگا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل عمران خان نے منصوبے کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کی ذاتی کاوشوں سے منظور ہونے والے اس منصوبے کے تحت ساہیوال میں 9کنویں جن میں 5فریدیہ پارک، 3کنعان پارک اور ایک نواز شریف پاک میں تعمیر ہونگے۔ اسی طرح تحصیل چیچہ وطنی میں 7 جن میں 4مرتضےٰ شہید پارک، 2راحت پارک اور ایک لیڈیز پارک نورمسجد، پاک پتن میں 3 جن میں 2ایم سی پارک اور ایک بابا فرید پارک، عارف والا میں 9 جن میں فاطمہ جناح پارک اور گلشن اقبال پارک میں 4, 4 اور بابا فرید پارک میں ایک، اوکاڑہ میں 8 جن میں صفدر شہید پارک میں 4، جناح پارک میں 2 اور گارڈن ٹان پارک اور شیر ربانی ٹان پارک میں ایک ایک، دیپالپور میں 6 جن میں قائد اعظم پارک میں 3، فاطمہ جناح پارک میں 2اور العباس پارک میں ایک جبکہ رینالہ خورد میں 8کنویں بنائے جائیں گے جن میں چلڈرن پارک میں 4 جبکہ ٹان پارک اور لیڈیز پارک میں 2, 2 شامل ہیں۔ ہر کنویں پر لاگت کا تخمینہ ساڑھے 34لاکھ روپے لگایا گیا ہے اور ان میں پانی فلٹر کر کے ڈالا جائے گا تاکہ زیر زمین آلودگی بھی نہ پھیلے۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے اس اہم منصوبے کو زیر زمین تیزی سے کم ہوتے پانی کو ریچارج کرنے کی ایک سنجیدہ کوشش قرار دیا اور کہا کہ بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کےلئے ان کنوﺅں کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے۔