محرم میں قومی یکجہتی بر قرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے :چیف سیکرٹری

لاہور (اپنے رپورٹر سے) چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت اجلاس میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات اور پرائس کنٹرول اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، صنعت، خوراک، لائیو سٹاک کے محکموں کے سیکرٹریز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور دیگر ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران قومی یکجہتی، مذہبی ہم آہنگی کی فضا بر قرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے، مجالس اورجلوسوں کیلئے مقررکردہ روٹس اور وقت کی پابندی کو یقینی بنایا جائے، سکیورٹی انتظامات کیلئے انتظامیہ پولیس کو مکمل معاونت فراہم کرے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پلان تیار ہونا چاہیے ۔ چیف سیکرٹری نے غیر ملکیوں بالخصوص چینی با شندوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کوڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کر کے رپورٹ بھجوانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ اشیا ئے خورونوش کی مقررہ نرخوں پر فراہمی انتظامی افسران کی ذمہ داری ہے،گرانفروشی کی روک تھام کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فیلڈ میں متحرک کیا جائے، آٹے کی قیمت، طلب اور رسد پر کڑی نظر رکھی جائے، ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ شدہ گندم کو ضبط کر کے مارکیٹ میں فروخت کردیا جائے۔ چیف سیکرٹری نے اضلاع میں ہسپتالوں اور میونسپل سروسز بہتر بنانے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔