اسلام آباد(بیورورپورٹ)وکیل قتل کیس میں سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا،سپریم کورٹ میں وکیل قتل کیس میں نامزدگی کیخلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دئیے درخواست گزار کو سب سے پہلے عدالت میں پیش ہونا پڑے گا یہ ذرا مناسب طریقہ کار ہوگا،ریلیف لینے کیلئے درخواست گزار کو خود سرنڈر کرنا ہوتا ہے، درخواست گزار کو بولیں خود عدالت پیش ہوں۔
جسٹس مظاہر نقوی نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ سے استفسار کیا کیا چیئرمین پی ٹی آئی فوری عدالت میں پیش ہوسکتے ہیں؟ لطیف کھوسہ نے کہاچیئرمین پی ٹی آئی ایک گھنٹے میں سپریم کورٹ آجائیں گے۔
امان کنرانی نے عدالت کو بتایا معاملہ چیئرمین پی ٹی آئی کے جے آئی ٹی میں پیش ہونے کا ہے، لطیف کھوسہ نے کہا وکیل قتل کیس میں بنائی گئی جے آئی ٹی کو تسلیم نہیں کرتے،جسٹس مظاہر نقوی نے کہا ضمانت ،ایف آئی آر ختم کرانے کیلئے درخواست گزار کو خود آنا پڑتا ہے آپ کہہ رہے ہیں درخواست گزار پیش ہو سکتے ہیں؟ آپ پیر کی صبح ساڑھے 10 بجے لے آئیں۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دئیے آپ تو پوری ایف آئی آر ہی ختم کرانا چاہتے ہیں،اپنی استدعا پڑھیں آپ نے کیا مانگا ہے؟ ایف آئی آر میں اپنے متعلق معاملہ چیلنج کرتے تو الگ بات تھی، قتل کی ایف آئی آر بھلا کیسے کالعدم قرار دی جاسکتی ہے؟ وکیل چیئرمین تحریک انصاف نے کہا مقدمہ افواہوں پر درج کیا گیا۔
پراسیکیوٹر جنرل بلوچستان کی جواب جمع کرانے کیلئے مہلت کی استدعا پر سپریم کورٹ نے تمام فریقین کو جواب جمع کرانے کیلئے مہلت دےدی۔
وکیل قتل کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی سپریم کورٹ طلب



















