الیکشن کمیشن عام انتخابات کیلئے تیار، 12 اگست کو اسمبلی تحلیل ہونے پر اکتوبر کی تاریخ دےدی

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) الیکشن کمیشن عام انتخابات کیلئے تیار، 12 اگست کو اسمبلی تحلیل ہونے پر اکتوبر کی تاریخ دےدی۔


سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہااسمبلیاں وقت پر یا پہلے تحلیل ہوں، الیکشن کمیشن عام انتخابات کےلئے مکمل تیار ہے۔ اگر نئی مردم شماری کی منظوری مشترکہ مفادات کونسل سے ہوجاتی ہے تو نئی حلقہ بندیوں کےلئے 4 سے ساڑھے 4 ماہ درکار ہوں گے، پولیٹیکل فنانسنگ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرا دیا، تمام اعداد و شمار ڈیجیٹل کئے جا رہے ہیں، سسٹم میں شفافیت آئےگی۔

عمر حمید نے کہا بلیک منی کا استعمال پورے ملک کا مسئلہ ہے، ڈیجیٹلائزیشن سے بہتری آسکتی ہے، سکروٹنی کا عمل وقت کےساتھ ساتھ بہتر ہوگا، قانون میں جس ڈیٹا کی فراہمی کی اجازت ہے وہ آرٹیکل 138 کے تحت جاری کر تے ہیں۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا سسٹم ڈیوائس بگ ڈیٹا نہ صرف کمیشن کی معاونت کرےگا بلکہ رہنما اصول بھی فراہم کرےگا، سب کچھ قواعد میں رہ کر ہورہا ہے۔ ایک سوال پر عمر حمید نے کہا کوشش ہے عام انتخابات سے قبل میڈیا سے رابطے میں رہیں، انتخابی اصلاحات کمیٹی کو الیکشن کمیشن نے 60 سے زائد سفارشات دی تھیں، میری معلومات کے مطابق تقریباً ساری سفارشات مان لی گئیں، جب تک باضابطہ سفارشات منظور نہیں ہوجاتیں اسوقت تک کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

عمر حمید نے کہا اسمبلیاں 12 اگست کو تحلیل ہوتی ہیں تو عام انتخابات 11 اکتوبر تک کرا دیں گے، سیاسی جماعتوں، امیدواروں کی سخت مانیٹرنگ ہوگی، انتخابی اخراجات کی حد سے تجا وز پر کارروائی ہوگی، پولیٹکل فنانس ایم آئی ایس 6 اداروں سے معلومات حاصل کرےگا۔ ایف بی آر، سٹیٹ بینک، نادرا، ایس ای سی پی و دیگر شامل ہیں، سیاسی جماعتوں، امیدواروں کو سخت سکروٹنی کے بعد نشانات دئیے جائیں گے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے مزید کہا نئی مردم شماری کا نوٹی فکیشن ہوا تو قانون و آئین کے مطابق فیصلہ کریں گے، مردم شماری کے نوٹیفکیشن سے پہلے نئی مردم شماری پر انتخابات کا سوال نہیں اٹھتا،عمر حمید نے کہا سیاست میں کالے دھن سے سسٹم کو نقصان ہو رہا ہے، ایک سال میں تدارک نہیں کیا جا سکتا، ٹیکس قوانین کو بہتر کرنا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پولیٹیکل فنانس مسعود شیروانی نے پولیٹیکل فنانسنگ مینجمنٹ سسٹم پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا سیاسی پارلیمانی عمل کا حصہ ہے، آئین کے مطابق ہر سیاسی جماعت کا حساب رکھنا ،فنڈنگ کے ذرائع بتانا ضروری ہے، لیگل فریم ورک کے مطابق انتخابی اخراجات، اثاثہ جات کے گوشوارے، کاغذات نامزدگی کے ساتھ گوشوارے سب واضح ہیں،پولیٹیکل فنانس ونگ کے مقاصد مختلف اعداد و شمار کا حصول ہے تاکہ شفافیت و غیر جانبداری کا سلسلہ آگے بڑھے۔

مسعود شیروانی نے سکروٹنی کے وقت سیاسی وابستگی نہیں دیکھتے بلکہ شواہد و دستاویزات پر انحصار کرتے ہیں، فنانس ونگ تصدیقی عمل کےلئے ایف بی آر، نادرا، سٹیٹ بینک، ایس ای سی پی، ایف اے بی ایس، آئی سی اے پی کےساتھ باقاعدہ سے اعداد وشمار کی شیئرنگ کرتا ہے ، آنےوالی اسمبلیوں کےلئے مکمل اعدادوشمار ہوں گے، انتخابی قانون سے متعلقہ شقیں کمیٹی میں زیر غور لائی گئیں، 168 سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن کے پاس رجسٹرڈ ہیں، چارٹرڈ اکاو¿نٹنٹ کےلئے رہنما اصول وضع کرلئے، سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے آڈٹ رپورٹ کا معیار بنا رہے ہیں، تمام سیاسی جماعتیں اپنے اکاو¿نٹس کا حساب دیں گی، اقدام سے بہتر مالی ضابطہ وضع ہوگا۔

ڈی جی پولیٹکل فنانس نے کہا سیاسی جماعت کے انتخابی اخراجات کی تفصیل کوئی بھی فرد حاصل کرسکتا ہے۔ سپیشل سیکرٹری ظفر اقبال نے کہا الیکشن کمیشن مردم شماری 2017ءکے تحت 2022 میں حلقہ بندیاں کرچکا ، اسمبلیوں نے 12 اگست کو مدت مکمل کی تو 11 اکتوبر تک الیکشن کرادیں گے اور اگر اسمبلیاں پہلے تحلیل ہوئیں تو 90 روز میں انتخابات ہوں گے۔

سپیشل سیکرٹری نے مزید کہا تحریک انصاف ممنوعہ فنڈنگ کا معاملہ عدالتوں میں زیرالتواءہے، پانچوں ہائیکورٹس کے رجسٹرار صاحبان کو جوڈیشل افسروں کی بطور آر اوز فراہمی کےلئے خط لکھا تاحال جواب موصول نہیں ہوا، انتخابات کی تیاریاں مکمل ہیں، الیکشن پرانی حلقہ بندیوں پر ہو گا، واٹر مارک پیپر لے لیا، تمام اداروں سے رابطہ ہے۔