انتخابات پرانی مردم شماری پر کرانے کافیصلہ نہیں ہوا،وزیراعظم

اسلام آباد (بیورورپورٹ)انتخابات پرانی مردم شماری پر کرانے کافیصلہ نہیں ہوا، وزیراعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم کو اسمبلیوں کی تحلیل اور نگران سیٹ اپ سمیت تمام فیصلوں سے پہلے اعتماد میں لینے کی یقین دہانی کرادی۔

ایم کیو ایم پاکستان کاوفد خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں وزیراعظم شہبازشریف سے ملا ،گورنر سندھ کامران ٹیسوری، مصطفی کمال ، ڈاکٹر فاروق ستار اور سید امین الحق بھی ساتھ تھے،40 منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات میں اتحادی جماعت نے وزیراعظم کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ۔

وفد نے شکوہ کیااہم فیصلوں پر اعتماد میں نہیں لیا جاتا، وزیراعظم نے پرانے شکوے دور کرتے ہوئے آئندہ تمام معاملات پر مشاورت کی یقین دہانی کرا دی،وزیراعظم نے دو ٹوک الفاظ میں کہا انتخابات پرانی مردم شماری پر کرانے کا فیصلہ نہیں ہوا۔

وزیر اعظم نے تمام اہم فیصلوں کے ہر مرحلے پر ایم کیو ایم پاکستان سے مشاورت کی یقین دہانی یقینی بنانے کیلئے 3رکنی کمیٹی بھی تشکیل دےدی ، کمیٹی نئے انتخابات، نگراں حکومت سمیت تمام معاملات پر ایم کیو ایم سے مشاورت کو یقینی بنائے گی ۔

کمیٹی میں ن لیگ سے ایاز صادق، احسن اقبال اور خواجہ سعد رفیق شامل ہیں،ملاقات میںایم کیوایم نے نگران وزیراعلیٰ سندھ کیلئے شعیب صدیقی کا نام تجویز کردیا۔

وزیر اعظم نے ووٹر لسٹوں میں شہری سندھ بالخصوص کراچی میں پائی جانے والی بے ضابطگیوں کو درست کرنے کی بھی ہدایت کردی۔

دریں اثناوزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سٹیٹ اونڈ اینٹر پرائزز (SOEs) میں جاری اصلاحات پر پیشرفت جائزہ اجلاس ہوا ،وزیر اعظم نے کہاحکومت بین الاقوامی معیار کے عین مطابق اداروں کی بہتری ،عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

شہبازشریف نے کہا خدمات کی آو¿ٹ سورسنگ اور پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ میں شفافیت کے عنصر کو مرکزی اہمیت دی جائے،حکومت یقینی بنائے گی آئندہ نگران حکومت قومی مفاد کی پالیسیوں کا تسلسل قائم رکھے،وزیراعظم نے کہاپوری کوشش ہے قومی ترقی کا تسلسل برقرار رہے۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی قومی خزانے کو خسارے سے نقصان پہنچانے والے اداروں کی اصلاحات کا ترجیحی بنیادوں پر نفاذ یقینی بنایا جائے۔

مزید برآںوزیر اعظم شہباز شریف نے پوری قوم اور امت مسلمہ کو نئے اسلامی سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہااپنے اختلافات سے قطع نظر رواداری، افہام و تفہیم اور ایک دوسرے کےلئے احترام کو فروغ دیں،دعا ہے نیا سال پاکستان اور عالم اسلام کیلئے امن، ترقی و خوشحالی کا سال ثابت ہو۔

میری دعا ہے کشمیر و فلسطین کے لوگوں پر چھائے ظلم و جبر کے اندھیرے چھٹ جائیں ، نیا سال پاکستان کے ہر گھر میں برکتیں، امن و خوشحالی لائے۔

،دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے سٹیٹ بینک میں ایک ارب ڈالر ڈیپازٹ کرانے پراماراتی صدر کا شکریہ ادا کیا ،اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید سے گفتگو کرتے ہوئے کہا متحدہ عرب امارات نے مشکل وقت میں بروقت مدد کی، یو اے ای کی مدد سے آئی ایم ایف کا سٹینڈ بائی ایگریمنٹ طے کرنے میں بڑی مدد ملی، پاکستان کے عوام ،سیاسی قیادت یواے ای کی خیرسگالی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے شیخ محمد بن زاید سے کہا آپ نے ذاتی دلچسپی لےکرپاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے میں مدد دی، شکریہ ادا کرنے کےلئے میرے پاس الفاظ نہیں،حکومت نے بامعنی اصلاحات کیں، سپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل کی تشکیل کا محور ہول آف دی گورنمنٹ اپروچ ہے، ادارہ جاتی سطح پر انتظام نے معیشت کوٹھوس معاشی روڈ میپ دیا ۔

یو اے ای کے صدر نے کہا یواے ای ،پاکستان کے قریبی دوستانہ ،برادرانہ تعلقات استوارہیں، برادرپاکستان کی مدد کرنا ذمہ داری تھی، وزیراعظم شہباز شریف شاندار قائدانہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، مجھے اعتماد ہے وزیراعظم شہبازشریف پاکستان میں بڑی تبدیلی لائیں گے۔


شیخ محمد بن زاید نے مزید کہا پاکستان کےلئے سرمایہ کاری روڈ میپ کاسن کر خوشی ہوئی، پر اعتماد ہوں پاکستان معاشی طور پر قابل ذکر ترقی کرے گا،اعلامیے کے مطابق اماراتی صدر نے دورہ پاکستان کی دعوت بھی قبو ل کرلی۔