قومی وصوبائی اسمبلی کی300سیٹیں پکی،نہیں معلوم چیئرمین پی ٹی آئی کو سزا ملے گی یا نااہل ہوں گے،رانا ثنا

اسلام آباد(بیورورپورٹ) وزیر داخلہ رانا ثنا نے کہا ہے مردم شماری دوبارہ کرانے کےلئے سب کو متفق ہونا ہوگا،نہیں معلوم چیئرمین پی ٹی آئی کو سزا ملے گی یا نااہل ہوں گے ۔

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا نے کہا نواز شریف کی واپسی کا باقاعدہ اعلان ہوگا لیکن ابھی تک حتمی تاریخ سامنے نہیں ،9 مئی کے واقعات میں جو پی ٹی آئی والے ملوث نہیں ان کےخلاف کارروائی نہیں ہونی چاہیے، شیخ رشید کو گرفتار کرکے اہمیت نہیں دینا چاہتے۔

وزیر داخلہ نے کہاپی ڈی ایم کی تمام سیاسی جماعتیں اپنے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑیں گی ،کسی سیاسی جماعت کےساتھ انتخابی اتحاد نہیں کیا جائے گا، پنجاب میں قومی اسمبلی کی 100 اور صوبائی اسمبلی کی 200سیٹیں پکی ہیں۔


رانا ثنا نے مزید کہادہشتگردی کی کارروائیوں میں افغان سرزمین ملوث ہے، عبوری حکومت روکنا نہیں چاہتی یا صلاحیت نہیں ،سوال اپنی جگہ موجود ہے۔

دریں اثنا وزیر داخلہ رانا ثنا سے اٹلی کے سفیر اینڈریاس فیراریز نے ملاقات کی ،دو طرفہ تعلقات مزید بہتر بنانے اورتعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا،اٹلی کے سفیر نے یونان میں کشتی حادثے کے دوران پاکستانیوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

رانا ثنا نے کہا یونان کشتی حادثے میں قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی اندوہناک سانحہ ہے،ملوث ملزموں سے ہرگز نرمی نہیں برتی جائے گی،وزیر داخلہ نے مزید کہاویزہ جاری کرنے والے ممالک سے بھی مسئلے کو اٹھا رہے ہیں، یورپی ممالک کو چاہیے غیر قانونی طور پر گئے لوگوں کو ہرگز پناہ نہ دے لوگوں کو ملک واپس بھیجا جائے تاکہ باقی لوگوں کیلئے باعث تقویت نہ بنیں۔

ملاقات کے دوران اطالوی سفیر نے پاکستانیوں کے ویزہ مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرادی۔