اسلام آباد(بیورورپورٹ)آئی ایم ایف کی شرائط پر عوام کو ہائی وولٹیج جھٹکا، نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں5روپے یونٹ تک اضافہ کردیا،4.96روپے یونٹ اضافے سے بنیادی ٹیرف 24.82سے بڑھ کر 29.78روپے یونٹ ہوگیا،نیپرا اتھارٹی نے فیصلہ وفاقی حکومت کو بجھوا دیا،نوٹیفکیشن جاری ہوتے ہی قیمتیںنافذ ہوجائیں گی۔
اعلامیے میں کہا گیا بجلی کے بنیادی ٹیرف کا تعین سال 24-2023 کیلئے کیا گیا ،اعلامیہ میں مزید کہانیپرا بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ٹرانسمیشن ،ڈسٹری بیوشن لاسز کا تعین کر کے ٹیرف کا تعین کرتا ہے، وفاقی حکومت تمام ڈسکوز کےلئے یکساں ٹیرف کے تعین کےلئے درخواست دائر کرنے کا حق رکھتی ہے، نوٹیفکیشن ہونے کے بعد صارفین سے تعین کیا گیا ٹیرف وصول کیا جاتا ہے،میپکو، گیپکو، حیسکو، سیپکو، کیسکو، پیسکو اور ٹیسکو نے مالی سال 24-2023 کےلئے ملٹی ائیرٹیرف کے تحت ایڈجسٹمنٹ کےلئے درخواستیں دی تھیں، آئیسکو، لیسکو ،فیسکو نے مالی سال 24-2023 تا 28-2027 کےلئے ملٹی ائیر ٹیرف و مالی سال 24-2023 کےلئے عبوری ٹیرف کی درخواستیں دیں، اتھارٹی نے مالی سال 24-2023 کا ٹیرف مقرر کر دیا۔
نیپرا اعلامیے میں مزید کہا گیاسیلز ، روپے کی قدر میں کمی ، افراط زر، سود اور کپیسٹی میں اضافہ ٹیرف بڑھنے کی بنیادی وجہ ہے،ڈسکوز کی کل ریونیو کا تخمینہ تقریباً 3281 ارب متوقع ہے، روپے کی قدر میں بہتری، افراط زر و شرح سود میں کمی کی صورت میں ٹیرف میں کمی کا ریلیف براہ راست صارفین کو منتقل کیا جائے گا۔
ادھر نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کیلئے بھی بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافہ کردیا، ایک ماہ کیلئے فی یونٹ قیمت میں 1.44روپے یونٹ اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ،نیپرا اتھارٹی نے ایف سی اے کی مد میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
IMFشرائط پر عوام کو ہائی وولٹیج جھٹکا، بجلی کے بنیادی ٹیرف میں5روپے یونٹ تک اضافہ



















