چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ 5 افواہیں پھیلانے والوں کو موثر جواب ہے،وزیراعظم

میانوالی،اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزیر اعظم نے میانوالی میں 1200 میگاواٹ کے نیوکلیئر پاور پلانٹ چشمہ 5 کا سنگ بنیاد رکھ دیا ،شہبازشریف نے کہاپاکستان ،چین کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں،چشمہ 5 جوہری توانائی منصوبہ بذات خود بڑا سنگ میل، کامیابی کی زبردست کہانی اور 2 عظیم دوستوں کے درمیان تعاون کی شاندار علامت ہے،صاف، موثر اور نسبتاً سستی توانائی کو فروغ دینے کےلئے باہمی تعاون دونوں ممالک کے درمیان عظیم دوستی کا مظہر اور دوسرے ممالک کےلئے نمونہ ہے۔

چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ 5 کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاچشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ پاکستان ، چین کے باہمی تعاون کا عکاس ہے،افواہیں پھیلائی جا رہی تھیں پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا، مشکل وقت میں دوست ممالک نے تعاون کیا،تعاون کی کہانی چین کی مدد کے بغیر نامکمل ہے، مشکل وقت میں چین نے 5 ارب ڈالرز کے قرضوں کو رول اوور کیا،عظیم دوست کی مشکل وقت میں مدد کو کبھی نہیں بھولیں گے۔

شہبازشریف نے کہا آئی ایم ایف پروگرام کی منظور ی کے بعد معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے،چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ 5 جیسے منصوبوں کا شروع ہونا افواہیں پھیلانے والوں کو موثر جواب ہے، چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ کو عالمی توانائی ایجنسی نے بھی محفوظ قرار دیا،مشکل وقت میں چین، سعودی عرب اور یو اے ای کی معاونت پر شکر گزار ہیں، پچھلے 4 ماہ میں معیشت کو بچانے کےلئے چین نے متعدد اقدامات کیے،چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ 5 سستی توانائی کے حصول کی جانب قدم ہے۔

دریں اثنا نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے مرکزی کیمپس کا سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہنر مند افراد کو بیرون ملک بھیجنے سے تجارتی خسارہ کم ہوسکتا ہے،قوموں کی ترقی میں نوجوان نسل کا اہم کردار ہے، ہنر مندی کی تعلیم دور حاضر میں ترقی و خوشحالی کی کنجی ہے۔

وزیراعظم نے کہاتعلیم ، روزگار اور صحت صرف امیر طبقہ کاحق نہیں ،سب کا حق ہے،75 سال کی عادتیں بدلنا آسان کام نہیں ،مصمم ارادے سے مل کر تعلیم کو عام کریں گے، فنی ترقی ترجیح ہونی چاہے، فنی تعلیم سے آراستہ نوجوانوں کو بیرون ملک بھجوانے سے تجارتی خسارے میں کمی آئے گی، تعلیم کے فروغ کےلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،شہبازشریف نے کہا مقصد کےلئے یونیورسٹی کو ہر ممکنہ وسائل فراہم کریں گے۔