ساہیوال (چوہدری اشرف سے) وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے قانون و پارلیمانی امور کنور محمد دلشاد نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے عوام کی زندگیوں میں آسانی لانے کےلئے دوررس اقدامات اٹھائے ہیں جن میں ان کو درپیش مشکلات کا فوری حل ڈھونڈنا بھی شامل ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے میں امن و امان کے قیام پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ عوام کو پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔ وہ یہاں کمشنر آفس میں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید اور آرپی او محبوب رشید کی طرف سے دی گئی بریفنگ میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، تینوں اضلاع کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز اور دوسرے متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر ساہیوال ڈویژن کے دورے کا مقصد یہاں درپیش مشکلات سے آگہی حاصل کر کے انہیں صوبائی حکومت کی مدد سے فوری حل کرنا ہے۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے ڈویژن میں جاری ترقیاتی پروگرام بارے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 167منصوبوں پر کام جاری ہے جس میں میگا منصوبے جھال روڈ فلائی اوور، ساہیوال بائی پاس، ساہیوال سمندری روڈ، شیخ فاضل چیچہ وطنی روڈ اور پاکپتن ساہیوال روڈ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے دیپالپور اوکاڑہ سید والا روڈ کا منصوبہ حکومت کو منظوری کے لئے بجھوا دیا ہے جس سے اوکاڑہ ضلع کا بھی موٹر وے سے رابطہ استوار ہو جائےگا۔ انہوں نے ساہیوال میں کارڈیک ہسپتال اور چلڈرن ہسپتال کی تعمیر کا مطالبہ کیا اور صوبائی حکومت سے ان دو اہم منصوبوں کو اگلے سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی درخواست کی۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے مزید بتایا کہ ساہیوال ڈویژن نے صوبے میں سب سے پہلے ای رجسٹریشن کے کام کا آغاز کیا اور اب96 فی صد رجسٹریشن ڈیجیٹل ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ 14اگست سے ای لیزننگ کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے جس سے سرکاری آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ اجلاس میں آرپی او محبوب رشید نے ڈویژن میں لاءاینڈ آرڈر پر تفصیلی بریفنگ بھی دی اور عوام کو فراہم کی گئی سہولیات خصوصاً پولیس خدمت مراکز پر شہریوں کو درپیش مسائل کے فوری حل بارے بریفنگ دی۔ بعدازاں مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب کنور محمد دلشاد نے ڈی پی او آفس کا دورہ کیا اور وہاں پولیس خدمت مرکز،پولیس ویلفیئر سنٹر،آئی ٹی روم اور کمپلینٹ سیل کا دورہ کیا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈی پی او فیصل شہزاد نے بتایا کہ پولیس خدمت مرکز میں ایک چھت تلے 16قسم کی مختلف سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے سنٹرل جیل ساہیوال کا بھی دورہ کیا اور جیل میں مختلف بارکس کا دورہ کیا۔انہوں نے خواتین وارڈ میں ٹیوٹا کی جانب سے قائم سنٹراور جیل ڈسپینسری کا بھی دورہ کیا اور وہاں اسیران کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے جیل میں زیر حراست کم عمر قیدیوں کو پڑھائے جانے والے نصاب بارے دریافت کیا۔انہوں نے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور ہسپتال کی ایمرجنسی میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور تیمارداروں سے علاج معالجے کی سہولیات بارے دریافت کیا۔انہوں نے ہسپتال میں صفائی کے بہترین انتظامات پر انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔
عوامی مشکلات کا حل اوّلین ترجیح، صوبے میں امن و امان پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے: کنور دلشاد



















