پاکستان کو چیلنجز کا سامنا ، سرد جنگ کی بلاک سیاست کیلئے وقت نہیں، بلاول بھٹو

ٹوکیو (مشرق نیوز)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے پاکستان کو بطور ترقی پذیر ملک سنگین اقتصادی، ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا ہے، سرد جنگ طرز کی بلاک سیاست کیلئے وقت نہیں،ایشین ڈیویلپمنٹ بینک انسٹیٹیوٹ میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا پاکستان ،جاپان مستحکم، خوشحال افغانستان کیلئے کردار ادا کرسکتے ہیں،خطے کیلئے پاکستان، جاپان کے نقطہ نظر، ویژن میں ہم آہنگی ہے، افغانستان کے امن و استحکام میں پاکستان، جاپان کے یکساں مفادات ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا جاپانی فرمز کو پاکستان میں کامیابی و منافع کےساتھ کام کرنے کا تجربہ ہے، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں جاپانی فرمز کی مہارت کسی سے کم نہیں،پاک جاپان اقتصادی تعاون سے مشترکہ خوشحالی اور ترقی ہوسکتی ہے، پاک، جاپان تجارت، سرمایہ کاری اور زراعت میں تعاون کے وسیع امکانات ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہاپاکستان کے معاشی مقاصد کے حصول کیلئے بلیو اکانومی کی ترقی بہت ضروری ہے، جاپان کی مدد سے بلیو اکانومی میں بہت آگے جانے کی امید کرتے ہیں،وزیر خارجہ نے کہابنیادی تنازع جموں کشمیر حل ہونے تک جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا، پاکستان جموں کشمیر تنازع کے تصفیہ کیلئے ہمیشہ کام کرنے کو تیار ہے،افسوسناک ہے پاکستان کے پاس جنوبی ایشیا میں امن کیلئے کوئی شراکت دار نہیں، بھارت مذہبی جنون کی لپیٹ میں ہے، بات چیت و سفارتکاری کیلئے جگہ بند کر دی۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا جموں کشمیر میں بھارتی ظلم پر عالمی برادری خاموش ہے، بہت چھوٹے پڑوسی کے خلاف بھارتی اشتعال انگیزیوں پر عالمی برادری خاموش ہے،پاکستان ،جاپان سارک کی ترقی کو بھی متحرک کر سکتے ہیں۔