بہاولپور کی تعمیر و ترقی کےلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے:گورنر پنجاب

بہاولپور (بیورو رپورٹ)گور نر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ بہاولپور کی تعمیر و ترقی کےلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار گور نر پنجاب بلیغ الرحمن نے معروف پارلیمنٹیرین و چیئرمین مجلس شہریان سید تابش الوری کی قیادت میں آنے والے مقامی سول سوسائٹی کے نمائندہ وفد سے سرکٹ ہاس بہاولپور میں ملاقات کے موقع پر کیا۔سید تابش الوری نے گورنر پنجاب سے اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے 1974ءمیں بہاولپور شہر کا ماسٹر پلان بنوایا تھا جس پر شہر وسعت پذیر ہوتا رہا لیکن موجودہ وقت کی ضرورت ہے کہ بہاول پور کا نیا بیس سالہ ماسٹر پلان ترتیب دیا جائے۔گورنرپنجاب بلیغ الرحمن نے وفد سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بطور گورنرپنجاب مسلسل ہنگامی صورتحال سے دوچار ہیں اور مخالف سیاسی جماعت نے بہاولپور کی تعمیر و ترقی کی راہ میں رکاوٹوں پر رکاوٹیں کھڑی کیں مگر پھر بھی وہ کئی ترقیاتی کام کرانے میں کامیاب رہے۔ گورنر پنجاب نے بتایا کہ بہاول پور رنگ روڈ، بند رہ پلی تا ریلوے اسٹیشن کا منصوبہ جلد شروع کیا جائےگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پرائیویٹ سکولوں میں قرآن پاک کی تعلیم کا مرحلہ بھی قریب ہے ۔نیزصادق پبلک سکول کی مرکزی سالانہ گرانٹ بھی دو کروڑروپے سے بڑھا کر 6 کروڑ روپے کردی گئی ہے ۔گورنر پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بہاول پور کو موٹر وے سے ملانے والی جھا نگڑہ روڈ جسے دو لین تک محدود کردیا گیاتھا اس کو اس کی اصل شکل میں بحال کیا جائےگا۔وفد میں صدر بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ذوالفقار علی مان،انجمن تاجران وفد کے صدر علیم، صدر بہاول پور پریس کلب اکمل چوہان،سیکرٹری جم خانہ اعجاز ناظم، سیکرٹری نظریہ پاکستان فورم نصیر احمدناصراور سیکرٹری مجلس ثقافت پاکستان سعید احمد شامل تھے۔وفد کے مطالبے پر گورنر پنجاب نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کو درپیش مسائل حل کر نے کا وعدہ کیا۔انہوں نے بہاول پور پریس کلب آنے کی دعوت بھی قبول کی اوربہاول پور انڈسٹریل اسٹیٹ میں آئی ٹی سنٹر کھولنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ دریں اثناءگورنر پنجاب نے سید تابش الوری کی سیاسی و ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہو ں نے بہاول پور کے حقوق کےلئے ہمیشہ بھرپور اور توانا آواز بلند کی۔دریں اثناءگورنر پنجاب بلیغ الرحمن صدر مرکزی انجمن تاجران حافظ یونس مرحوم کی رہائش گاہ گئے۔اس موقع پر ڈاکٹر رانا طارق،میاں شاہد اقبال، میر جمال اور عزیز و اقارب موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے مرحوم حافظ یونس کی وفات پر اظہار رنج و غم کیا۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس اور پسماندگان کو عظیم سانحہ ہمت سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔