ریکارڈموسلادھار بارش،لاہور ڈوب گیا،ملک بھر میں15افراد جاں بحق

لاہور ( خبر نگار)ریکارڈموسلادھار بارش،لاہور ڈوب گیا،ملک بھر میں 15افراد جاں بحق ہوگئے، تفصیلات کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا ، آزاد کشمیر میں طوفانی بارشوں سے جل تھل ایک ہو گیا ، پری مون سون کی ریکارڈ موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، شاہراہوں پر بارش کا پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا،لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مختلف علاقوں میں فیڈرز ٹرپ کرنے سے بجلی کئی گھنٹوں تک غائب رہی،لاہور کے مختلف علاقے دریا کامنظر پیش کرتے رہے،پانی گھروں،ہسپتالوں میں داخل ہوگیا،انڈر پاسز پانی سے بھر گئے، پنجاب کے مختلف شہروں گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، پتوکی، کامونکی، میانوالی، منڈی بہا والدین، نارووال اور پسرور میں بھی خوب بادل برسے ،جڑواں شہر بھی پانی پانی ہوگئے، ادھر نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونا شروع ہوگئی۔

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کےساتھ موسلاھار بارش کا سلسلہ جاری رہا، طوفانی بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی، کئی نشیبی علاقے زیرآب آگئے،دوسری جانب رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ، پنجاب،کے پی، بلو چستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں سے15افراد جاں بحق،متعدد زخمی ہوگئے،محکمہ موسمیات نے 24 گھنٹوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کردی۔