جعلی زرعی ادویات کا کاروبار کرنےوالوں کےخلاف بھر پور کریک ڈاﺅن کا فیصلہ

لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت وتجارت وتوانائی ایس ایم تنویر کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں کپاس کی فصل کی مینجمنٹ سے متعلقہ امور کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس میںجعلی زرعی ادویات کا کاروبار کرنےوالوں کےخلاف بھر پور کریک ڈاﺅن کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جعلی زرعی ادویات کے کاروبار میں ملوث افراد کےخلاف بلاامتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ملاوٹ مافیا کو کسی صورت پنجاب کی زراعت بالخصوص کپاس کی فصل تباہ نہیں کرنے دیںگے۔انہوں نے کہا کہ کپاس کی فصل کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کےلئے ہر قدم اٹھایا جائےگا۔ ایس ایم تنویر نے کہا کہ قومی معیشت میں کلیدی حیثیت رکھنے والی کپاس کی فصل کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کےلئے ملکر کام کریںگے۔ترقی پسند کاشتکار نے کہا کہ کپاس کی فصل کو تباہی سے بچانے کےلئے اسکی مینجمنٹ کو بہتر بنانا ہوگا۔ سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو، ڈی جی ایکسٹینشن زراعت ،ترقی پسند کاشتکار ، خالد محمود کھوکھر ،ڈاکٹر انجم، پرویز اختر ماہنی اور محکمہ زراعت کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔