ایک اور اچھی خبر،تیل کے بعد روس سے ایل پی جی کی پہلی کھیپ بھی درآمد

اسلام آباد، پشاور(بیورورپورٹ)ایک اور اچھی خبر،تیل کے بعد روس سے ایل پی جی کی پہلی کھیپ بھی درآمد جبکہ وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک نے کہاہے ہر پالیسی کا محور پاکستان ہے،عوام جلد مستفید ہوں گے۔

رعایتی تیل کی پہلی کھیپ موصول ہونے کے بعد روس سے سستی ایل پی جی کی پہلی کھیپ طورخم بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئی،بارڈر ذرائع کے مطابق ایل پی جی کارگو ازبکستان کے راستے افغانستان کےساتھ طورخم کی زمینی سرحد سے پاکستان پہنچا،ایل پی جی کی کھیپ ازبکستان سے ٹرکوں کے ذریعے افغانستان کے راستے پاکستان پہنچائی گئی، کارگو 10 ایل پی جی ٹرکوں پر مشتمل ہے اور پہلے مرحلے میں روس س ےخریدے گئے 110,000 ٹن ایل پی جی کا حصہ ہے۔

ادھر اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک نے کہا مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کیلئے تگ ودو کر رہے ہیں، ہر پالیسی کا محور پاکستان ہے، روس سے درآمد شدہ تیل سے عوا م جلد مستفید ہوں گے، ملکی تاریخ میں پہلی بار روس سے تیل پاکستان پہنچا جوکہنے والے نہ کرسکے اتحادی حکومت نے کر دکھایا،سائفر ڈرامے کے بعد امریکہ کے آگے گڑ گڑانے تک کا سفر عوام نے دیکھ لیا۔

وزیر مملکت نے کہا مانتے ہیں مہنگائی ہے، کمی کیلئے کام کر رہے ہیں،ہر روز پوچھتے تھے کہاں ہے تمہارا تیل کا جہاز، ترکمانستان سے گیس پاکستان لانا چاہتے ہیں، یورپی ممالک کو دعوت دی ہے پاکستان میں ایل این جی کے کارخانے لگائیں،مصدق ملک نے مزید کہا ملکی گیس کے گردشی قرضے کو صفر کر دیا۔