اسلام آباد (بیورورپورٹ)وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے سمندری طوفان بپر جوائے کی شدت کم ہوئی تاہم خطرات بدستور برقرار ہیں، کسی بھی قسم کی افراتفری سے اجتناب برتتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی، صورتحال کے پیش نظر محتاط ،چوکنا رہنے اور لوگوں کو مسلسل آگاہی دینے کی ضرورت ہے۔
خطرے سے دوچار علاقوں سے لوگوں کے انخلا ،محفوظ مقامات پر منتقلی کیلئے ریلیف کیمپس کے قیام سمیت ضروری اقدامات شروع کر دیئے،سندھ کے تمام ادارے الرٹ ہیں ،ریسکیو اداروں کے اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ ،تمام سکول بند کر دئیے ، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی،ان خیالات کااظہار انہوں نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
شیری ر حمن نے مزید کہا15جون کی سہ پہر انتہائی شدید طوفان کی صورت میں سندھ کے جنوب مشرقی ساحلی علاقہ کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے ساحل کے درمیانی علاقے میں ٹکرا سکتا ہے، سمندری طوفان کی وجہ سے ٹھٹھہ، بدین، سجاول، تھرپارکر، کراچی، میرپور خاص، عمرکوٹ، حیدرآباد، اورماڑہ، ٹنڈو الہ یار خان اور ٹنڈو خان کے علاقے متاثر ہوں گے ،تیز و تند ہواﺅں کےساتھ شدید بارش کا امکان ہے،طوفان کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا طوفان کے اثرات کی زد میں آنےوالے علاقوں میں کمزور انفراسٹرکچر، بل بورڈز، کچی چھتوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے،حکومت سندھ نے متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی کیلئے ریلیف کیمپس قائم کر دیئے۔
اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے سمندری طوفان پر پریزنٹیشن دی اور بتایا محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کی بنیاد پر متعلقہ اداروں کو پیشگی خبردار کر دیا تھا، طوفان میں5جون کے بعد شدت آنا شروع ہوئی ،طوفان سے سندھ کے ملحقہ ساحلی علاقوں کے علاوہ بلوچستان کے چند علاقے بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
طوفان کاخطرہ،متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی کیلئے ریلیف کیمپس قائم



















