اسلام آباد،کوئٹہ،لاہور(بیورورپورٹ،کرائم رپورٹر)عمران خان کی مشکلات میں اضافہ،وکیل کے قتل ،فراڈ،جعلسازی کے مقدمات درج ،بشریٰ کے بیٹے سمیت 9افراد کیخلاف کرپشن کی ایف آئی آر کٹ گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف توشہ خانہ گھڑی کی جعلی رسید بنا کر پیش کرنے کے الزام میں اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں شہری نسیم الحق کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ،مقدمے میں عمران کی اہلیہ بشریٰ ، زلفی بخاری، شہزاد اکبر اور فرحت شہزادی (فرح گوگی) سمیت دیگر بھی نامزد ہیں، ملزموں پر گھڑی کی فروخت کے معاملے میں جعلی رسیدیں تیار کرنے کا الزام ہے۔
مقدمے میں فراڈ، نوسربازی اور ہیرا پھیری کی دفعات شامل کی گئی ہیں،درخواست گزار نے الزام لگایاچیئرمین پی ٹی آئی و دیگر نے گھڑی کی خریدوفروخت میں میری دکان کی جعلی رسیدیں استعمال کیں اور آگے پیش بھی کیا گیا جبکہ دکان سے نامزد ملزموں کےساتھ کسی قسم کی خریدوفروخت نہیں کی گئی ،ملزموں نے کاروبار کا نام بھی بدنام کرنے کی کوشش کی ،مقدمے کی درخواست کےساتھ گھڑیوں کے تاجرشفیق کا حلف نامہ بھی منسلک ہے، حلف نامے میں شفیق نے تصدیق کی گھڑیاں خریدیں نہ فروخت کیں۔
ادھر چیئرمین تحریک انصاف کےخلاف سنگین غداری کیس کے درخواست گزار سینئر وکیل عبدالرزاق شر کے قتل کا مقدمہ چیئرمین پی ٹی آئی و دیگر کےخلاف درج کرلیا گیا،مقدمہ مقتول وکیل کے بیٹے کی مدعیت میں قتل و دہشتگردی ایکٹ سمیت دیگردفعات کے تحت شہید جمیل کاکڑ تھانے میں درج کیا گیا،مقتول عبدالرزاق شر چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف سنگین غداری کے کیس میں درخواست گزار تھے،پولیس کے مطابق مقتول وکیل کے بیٹے کی مدعیت میں درج مقدمے میں قتل، انسداد دہشتگردی ایکٹ اور دیگر دفعات لگائی گئی ہیں۔
ایف آئی آر ایڈووکیٹ سراج احمد کی جانب سے درج کرائی گئی ،متن میں کہا گیامیرے والد نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف ہائیکورٹ میں آرٹیکل 6 کی پٹیشن دائر کر رکھی ہے،یقین ہے چیئرمین پی ٹی آئی اور ساتھیوں نے رنجش پر والد کو قتل کیا۔
دریں اثناسابق معاون خصوصی زلفی بخاری نے توشہ خانہ کیس میں ایف آئی آر درج ہونے پر کہا میرے خلاف کیس بنانا ہی ہے تو کم از کم منطقی و اصلی رکھیں،بیان میں زلفی بخاری نے کہاگھڑی کو کبھی دیکھا نہ فروخت کیا،کاش میں نے گھڑی دیکھی ہوتی یا جانتا تو خود خرید سکتا، پوری رپورٹ مایوس کن، گھٹیا اور بچکانہ حرکت ہے۔
دوسری جانب بشریٰ کے بیٹے ابراہیم مانیکا ،سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت 9 افراد کےخلاف اینٹی کرپشن نے کرپشن کا مقدمہ درج کرلیا،اینٹی کرپشن کے مطابق ملزموں نے مختلف محکموں میں اعلیٰ عہدوں پر تبادلے و تقرریوں کےلئے کروڑوں روپے وصول کیے، رقم فرح شہزادی اور فرح گوگی نے وصول کرکے مختلف بینکوں میں جمع کرائی،مقدمے میں عثمان بزدار، فرح گوگی، سینئر بیوروکریٹ طاہر خورشید، احمد عزیز تارڑ، صالحہ سعید، عثمان معظم، سہیل خواجہ اور بشریٰ کے بیٹے ابراہیم مانیکا کو نامزد کیا گیا ۔
عمران کی مشکلات میں اضافہ،وکیل کے قتل ،فراڈکے مقدمات درج



















