آزاد امیدوار حافظ طاہر اور ہاشم بھی جیالے بن گئے

لاہور( نمائندہ خصوصی)سیاسی مصروفیت کے باعث سابق صدر آصف زرداری نے لاہور میں قیام 12 جون تک بڑھا دیا جبکہ مختلف سیاسی شخصیات کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے ،بلاول ہاوس لاہور میں سابق صدر مملکت آصف زرداری سے ملاقات کے دوران تونسہ شریف ڈیرہ غازیخان سے آزاد امیدوار پنجاب اسمبلی حافظ طاہر اور حافظ ہاشم نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی، ملاقات میں صدر پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب مخدوم احمد محمود اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار دوست کھوسہ بھی موجود تھے۔

،ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب سے مزید سیاسی رہنماوں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا امکان ہے آصف زرداری نے لاہور میں قیام 12 جون تک بڑھا دیا ۔

ادھر پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب رانا فاروق سعید خاں کے تینوں صاحبزادگان رانا بلال فاروق خاں ایڈووکیٹ ،رانا عمر فاروق خاں ایڈووکیٹ اور رانا اسامہ فاروق خاں ایڈووکیٹ نے بھی بلاول ہاوس لاہور میں صدر آصف زرداری سے خصوصی ملاقات کی،زرداری نے نوجوان نسل کے سیاسی خیالات و پختہ نظریات کو سراہا اور کہا آپ کے والد پیپلز پارٹی کا سرمایہ اور وفاداری کی اعلیٰ مثال ہیں،اس موقع پر سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی بھی موجود تھے۔