بڑھتی آبادی ٹائم بم ، اہم معاملات پر قومی ہم آہنگی ،مکالمہ ضروری ہے،وزیراعظم

 اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے تمام اہم معاملات پر قومی ہم آہنگی ،مکالمہ ضروری ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے خطے میں امن کےلئے انتھک کوششیں کیں،سفارتی و عسکری کامیابیوں کو معاشی فوائد میں بدلنے کا وقت آ گیا،بڑھتی آبادی ٹائم بم ،کڑے فیصلے نہ کیے بھوکے رہ جائیں گے،اپیکس کمیٹی کا اجلاس جلد ہوگا،کے پی میںگورنر راج مجبوری میں لگایا، سونے کی غیرقانونی کان کنی مکمل بند کر دی،حکومت نے مشکل فیصلے کرتے ہوئے اصلاحات کیں، معیشت کو عدم استحکام سے نکال لیا ،سب سے زیادہ تکالیف عام آدمی نے اٹھائی، دوبارہ ماضی کی طرف نہیں دیکھیں گے۔

نیشنل سکیورٹی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا روز بروز بڑھتی ملکی آبادی ٹکنگ ٹائم بم ہے ،جلد اپیکس کمیٹی کا اجلاس طلب کر کے کڑے فیصلے کیے جائیں گے ورنہ بھوکے کے بھوکے رہ جائیں گے،ملکی آبادی پر قابو پانے کےلئے ڈاکٹر شبانہ کی زیر نگرانی ٹاسک فورس بنا دی ،وزیر صحت بھی شامل ہیں ،صدارت خود کررہاہوں،معاشی اصلاحات کےلئے کیے جانے والے مشکل فیصلوں کی طرح آبادی میں اضافے کو کنٹرول کرنے کے لیے بھی کڑے فیصلے کیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا خیبرپختونخوا میں سونے کی غیرقانونی مائننگ کومکمل بند کردیا ، کان کنی، مینوفیکچرنگ و پراسیسنگ کے بعد قیمتی مصنوعات کی برآمدات مشن ہے، مستقبل کیلئے معدنیات کی ویلیوایڈیشن کاباقاعدہ منصوبہ تیار کرلیا،پالیسی پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا، بحرانی کیفیت کے ابتدائی چند ہفتے میں وفاق نے28ارب کی سبسڈی دی،فیول سبسڈی کی مد میں 50ارب خرچ ہوچکے ، ٹیم ورک ،شراکت داری کے ذریعے ہی اہداف حاصل کیے جاسکتے ہیں، قومی مکالمے ،ہم آہنگی سے وفاق وصوبوں میں تعاون مزید مضبوط ہوگا۔

شہبازشریف نے کہاایران ،امریکہ کو 47سال بعد اسلام آباد میں مذاکرات کی میز پر لانا غیر معمولی سفارتی کامیابی تھی ،پاکستان خطے میں امن کی بحالی کےلئے مخلصانہ ،سنجیدہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ،نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے خطے میں امن کےلئے انتھک کوششیں کیں،مذاکراتی عمل کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے،ایف بی آر میں خصوصاً سیلز ٹیکس جیسے بالواسطہ ٹیکسوں میں بڑے پیمانے پر چوری ہوتی رہی ،اڑھائی سال کے دوران طویل عرصے سے زیر التوا اصلاحات آگے بڑھائی گئیں،ٹیکس چوری ،بدعنوانی کی روک تھام کے ذریعے ریکارڈ 900 ارب کی وصولی بڑی کامیابی ،پہلی مرتبہ ایف بی آر سے انتہائی کرپٹ عناصر کا خاتمہ کیا گیا،مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو رواں سال 35فیصد رہنے کا تخمینہ ہے، جلد از جلد کم از کم 6 فیصد تک پہنچانا ہوگا،زرمبادلہ ذخائر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں، عزت ،وقار کےساتھ آگے بڑھنے کےلئے مسلسل محنت، امانت اور دیانت کو اپنانا ہوگا۔

وزیراعظم نے کہارواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں برآمدات8فیصد بڑھیں،مزید اضافے کی ضرورت ہے،آئی ٹی برآمدات 4 ارب 60 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں،زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے،80برس کے دوران شعبے کےساتھ وہ سلوک نہیں کیا گیا جس کا مستحق تھااب زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے، لائیو سٹاک شعبے میں بھی بہت زیادہ امکانات موجود ہیں،پاکستان ذہین افراد، محنتی کسانوں، زرخیز زمین، پہاڑوں ، پانی سمیت بے شمار وسائل سے مالا مال،ترقی کےلئے محنت کی ضرورت ہے،نوجوان پاکستان کےلئے چیلنج اور بڑا موقع بھی ہیں،جدید ٹیکنالوجی، ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیم ،پیداواری روزگار فراہم کرنا ہوگا، آئندہ چند برس میں نوجوانوں کےلئے بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہوں گے،آئی ٹی، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، ووکیشنل ،سکل ٹریننگ نوجوانوں کےلئے انتہائی اہم ہیں، وفاقی حکومت صوبوں کےساتھ ملکر نوجوانوں کی تعلیم ،تربیت کےلئے کام کر رہی ہے۔

شہباز شریف نے کہا تقریباً60فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے ،بااختیار بنائے بغیر ملک اپنے پاوں پر کھڑا نہیں ہو سکتا،نوجوان نسل کو تعلیم ،جدید علوم سے آراستہ کرنا پہاڑوں میں موجود معدنی وسائل سے بھی زیادہ قیمتی اثاثہ ثابت ہو سکتا ہے، پاکستان، ترکیہ ، سعودی عرب کے درمیان سہ فریقی دفاعی معاہدہ طے پایا ،سٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط ہوئی ،دفاعی معاہدہ کسی ملک کےخلاف نہیں نہ ہی جارحانہ مقاصد ہیں،معرکہ حق میں فیلڈ مارشل کی قیادت میں بہادر افواج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا، وقت آگیا کامیابیوں کو معاشی فوائد میں تبدیل کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہاپاکستان مہنگے قرضوں کا متحمل نہیں ہوسکتا، اتحاد ،اجتماعی دانش سے تمام مسائل کا حل ممکن ہے،سماجی ،اقتصادی اہداف انفرادی کوششوں سے حاصل نہیں کیے جاسکتے، قومی سطح پر ٹیم ورک ،شراکت داری کے ذریعے ہی اہداف حاصل کیے جاسکتے ہیں،بھمبر میں پہلا دانش سکول دسمبر میں مکمل ہو جائے گا، آزاد کشمیر میں دوسرا دانش سکول باغ میں قائم کیا جارہا ہے۔