کپتان کااہم ترین کھلاڑی ”وسیم اکرم پلس“ بزداربھی ریٹائر،مزید کھلاڑیوں کی اڑان

کوئٹہ،لاہور (بیورورپورٹ،خبر نگار،نمائندہ خصوصی)کپتان کااہم ترین کھلاڑی ”وسیم اکرم پلس“ بھی ریٹائر،شیخ یعقوب،پیرغلام محی الدین چشتی نے بھی کپتان کو چھوڑ دیا،جواد حسین نے پی پی پر چم تھام لیا،کوئٹہ میں پریس کانفرنس میںسابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سیا ست سے دستبردار ہو نے کا اعلان کر تے ہوئے کہا 9مئی کے واقعات کی شدید مذمت کرتا ہوں۔

سابق وزیراعلیٰ نے کہا پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ کھڑے رہےں گے ، شرافت کی سیاست کوفروغ دیا ،موجودہ سیا سی صورتحال کے پیش نظر سیا ست سے دستبر دار ی کا اعلان کرتاہوں،سابق وزیراعلیٰ نے کہاتمام سٹیک ہولڈرز سے مطالبہ کرتا ہوں ذات و پارٹیوں سے نکل کر پاکستان کے بہترمستقبل کےلئے سوچیں ،میری تمام نیک تمنائیں پاکستان اور عوام کےساتھ ہیں ،بےگناہ گرفتار افراد کو انصاف فراہم کیا جائے،میرا ضمیر مطمئن ہے ،تقریباً14ماہ سے عدالت میں کیسز کا سامنا کر رہا ہوں،موجودہ حالات میں سیاست سے بریک بہتر ہے۔

ادھر تحریک انصاف کے سابق ایم این اے شیخ یعقوب و سابق صوبائی وزیر پیرغلام محی الدین چشتی نے پی ٹی آئی کو خیر باد کہہ دیا ،اپنے ویڈیو پیغام میں سابق ممبر قومی اسمبلی شیخ یعقوب نے پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں، پاک فوج ریڈ لائن ہے،سیاسی مقاصد کی خاطر قومی سلامتی کے اداروں کےخلاف جارحیت کا ارتکاب برداشت نہیں کر سکتے۔

پیر غلام محی الدین نے کہا 9 مئی کو ہونےوالے واقعات کی مذمت کرتا ہوں، جینا مرنا پاک فوج کےساتھ ہے، جان بھی اپنے وطن کیلئے قربان ہے۔

دوسری جانب این اے 47سے سابق رکن قومی اسمبلی جواد حسین نے سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کرکے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ،سابق صدر نے جواد حسین کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کیااورسابق فاٹا و پاٹا کی صورتحال دریافت کی،جواد حسین نے کہا آپ کے دور میں فاٹا و پاٹا میں کی گئی اصلاحات پر مشکور ہیں،سابق فاٹا اصلاحات کے تحت دی گئی چھوٹ کی مدت بڑھائی جائے۔

سابق صدر آصف زرداری نے وفد کی طرف سے سابق فاٹا و پاٹا کی طرف سے علاقے میں ٹیکس چھوٹ کی حمایت کرتے ہوئے کہا جائز مطالبے کی پیپلزپارٹی بھرپور حمایت کرتی ہے ،معاملے پر وفاقی حکومت سے بات کریں گے،آصف زرداری سے پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے رہنما فیصل میر بھی ملے،فیصل میر نے کہا اگلے انتخابات میں 1977ءکے بعد پنجاب کا وزیراعلیٰ پیپلزپارٹی سے ہوگا، آئندہ مرکز میں بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم ہوں گے ۔