پشاور، ملتان،سیالکوٹ،لاڑکانہ،راولپنڈی (بیورورپورٹ)عمران کو بڑا دھچکا،خٹک پارٹی عہدے سے مستعفی،اسد قیصر نے بھی اڑان کی تیاری کرلی،رفاقت گیلانی،امیر بخش بھٹو ،اللہ بخش انڑ،عثمان ڈار کے بھائی کا بھی پی ٹی آئی کو الوادع جبکہ شاہ محمود قریشی ڈٹ گئے۔
پریس کانفرنس کے دوران سابق وزی دفاع پرویز خٹک نے کہا 9مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں، جو کچھ ہوا قابل مذمت تھا،پارٹی عہدوں سے مستعفی ہوتا ہوں،ملک کے خراب سیاسی ماحول میںچلنا مشکل ہے،طویل مشاورت کے بعد فیصلہ کیا،آئندہ کے لائحہ عمل کاجلد اعلان کر ونگا۔
ذرائع کے مطابق سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی اڑان کی تیار ی کرلی،جلد پریس کانفرنس کرکے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان متوقع ہے۔
دریں اثناصحافیوں سے گفتگو میںلیہ سے تعلق رکھنے والے سابق ایم پی اے رفاقت گیلانی نے پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہاحلقے کے عوام کی خدمت جاری رکھوں گا، 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں ،پارٹی چھوڑنے کیلئے کوئی دباﺅ نہیں۔
پی ٹی آئی رہنماعثمان ڈار کے بھائی عامر ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاسیاست چھوڑ رہا ہوں، کسی سے کوئی جھگڑا نہیں ،9 مئی کے واقعات کی بھر پور مذمت کرتا ہوں،عثمان ڈار اپنے فیصلے کے خود مالک ہیں۔
مزید برآںپی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر امیر بخش بھٹو ،صوبائی نائب صدر سندھ اللہ بخش انڑ نے پارٹی عہدوں سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا،لاڑکانہ میں امیر بخش بھٹو نے اللہ بخش انڑ کےساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے سندھ ایکشن کمیٹی ،سی ای سی سمیت بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے رہا ہوں اب سیاست کرنے کو دل ہی نہیں چاہتا ،ساتھیوں ،ملک کیلئے ہر خدمت و قربانی دینے کو تیار ہوں، مستقبل کا فیصلہ دوستوں کےساتھ مل کر کروں گا، 9 مئی کو ہونے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے،امیر بخش نے مزید کہا فوج پر حملے دہشتگردی ہیں ،شہدا کی یادگاروں کو آگ لگانا افسوسناک ہے۔
دوسری جانب سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اڈیالہ جیل میں صاحبزادی گوہر بانو قریشی اور وکیل بیرسٹر تیمور ملک نے ملاقات کی،ملاقات میں شاہ محمود قریشی نے عمران خان ،پارٹی کارکنوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا عمران خان کےساتھ کھڑا تھا، کھڑا ہوں اور کھڑا رہوں گا۔
عمران کو بڑا دھچکا،خٹک پارٹی عہدے سے مستعفی،اسد قیصر بھی اڑان کو تیار



















