تاریخی دن ،وسائل باہر نہیں جائیں گے،جون کے پہلے ہفتے شارٹ کورسز کا آغاز کیا جائے گا،سہیل علی خان
اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے فلم واحد صنعت جو ٹیکس فری ہے، سکرین ٹورازم دنیا میں بیانیہ پہنچانے کا بہترین ذریعہ ہے، پروڈکشن میں اپنے شاندار ماضی کو شاندار حال میں تبدیل کرنا ہوگا، حکومت فنکاروں کیلئے بنیادی ڈھانچہ و دیگر سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھے گی،ان خیالات کااظہار انہوں نے پی ٹی وی اکیڈمی میں نیشنل فلم پروڈکشن انسٹیٹیوٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات سہیل علی خان بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے تختی کی نقاب کشائی کی،دعا بھی کرائی گئی، اپنے خطاب میں وزیر اطلاعات نے کہا بے حد خوشی ہوئی سیکرٹری اطلاعات کی رہنمائی میں وزیراعظم کے ویژن کے مطابق قومی ورثے کو فروغ دیا جا رہا ہے،سٹوڈیوز کوقومی ورثہ قراردینا چاہئے۔
مریم اورنگزیب نے فلم انسٹیٹیوٹ کے قیام پر پی ٹی وی فلم اکیڈمی اور پی ٹی وی ملازمین کو مبارکباد یتے ہوئے کہاپی ٹی وی نے ملک میں براڈکاسٹنگ کی بنیاد رکھی ، نجی ٹی وی چینل نے بھی فلم سازی کا آغاز کیا ،بدقسمتی سے فلم سازی کا شعبہ خاص طبقے یعنی ایلیٹ کلاس تک محدود ہے ، عام فلم ساز چاہے جتنا باصلاحیت کیوں نہ ہو کو فلم سازی میں بہت سی مشکلات و مسائل کا سامنا ہے،صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے 2017میں پاکستا نی فلم پالیسی کی بنیاد رکھی گئی منظوری وفاقی کابینہ نے 2018میں دی ،فلم پالیسی پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے، ویژن صرف فلم کو تقویت دینا نہیں بلکہ سکرین ٹورازم کے ذریعے ملک کا بیانیہ و تشخص بھی اجاگر کرنا ہے۔
وفاقی وزیرنے مزید کہا 30سالوں میں عوام ،فوج نے دہشتگردی کےخلاف بھرپور جنگ لڑی، عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان میں فلمی صنعت 60، 70 اور 80کی دہائیوں میں عروج پر تھی ،آہستہ آہستہ زوال کا شکار ہوتی گئی، سینما ہال شادی ہالوں، سی این جی سٹیشنوں اور پٹرول پمپوں میں تبدیل ہوگئے جو فلم انڈسٹری کے مزید زوال کا باعث بنے،فلم کے شعبے کو انڈسٹری کا درجہ اس لئے دیا گیا تاکہ نوجوان آبادی کو موقع مل سکے، ابھی تک کسی میڈیا ہاﺅس نے اکیڈمی نہیں بنائی مگر وہ دن دور نہیں جب نجی میڈیا ہاوسز اکیڈمیاں بنائیں گے،حکومتی شعبہ کبھی بھی نجی شعبے سے مقابلہ نہیں کرسکتا،سب کے پاس ایک موقع ہے پروڈکشن میں اپنے شاندار ماضی کو شاندار حال میں تبدیل کریں، ملک کی عزت میں اضافہ ہوگا۔
وفاقی سیکرٹری اطلاعات سہیل علی خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تاریخی دن ہے، پی ٹی وی میں ایسا اضافہ ہو رہا ہے جس سے وسائل باہر نہیں جائیں گے،فلم سازی کی جدید ضروریات کو مدنظررکھتے ہوئے منصوبہ شروع کیا گیا،وزیر اطلاعات کے ویژن پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے،پی ٹی وی میں ورچوئل سٹوڈیو شروع کیا گیا، پروڈکشن میں تھری ڈی انیمیشن شروع ہوئی،چلے جانے والے اداکار کوواپس لایا گیا، جون کے پہلے ہفتے شارٹ کورسز کا آغاز کیا جائے گا ،پی ٹی وی کے لیجنڈ اداکار تربیت فراہم کریں گے، کورسز کیلئے ماڈیولز بنائے جارہے ہیں،انسٹیٹیوٹ میں پورے ملک سے ماہرین آئیں گے اور فلم سازی کے شعبے میںتربیت دیںگے۔
سکرین ٹورازم دنیا میں بیانیہ پہنچانے کا بہترین ذریعہ ہے، مریم اورنگزیب



















