ژوب ،جماعت اسلامی کے قافلے پر خودکش حملہ،سراج الحق محفوظ،7کارکن زخمی


کوئٹہ،اسلام آباد،کراچی،پشاور،لاہور،مستونگ ،ٹانک(بیورورپورٹ،خبر نگار)ژوب میں جماعت اسلامی کے قافلے پر خودکش حملہ،7کارکن زخمی،سراج الحق محفوظ رہے،سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی نے کہاسراج الحق کو قافلے کی صورت میں لےجایا جا رہا تھا خودکش حملہ آور نے خود کو اڑالیا،امیر و دیگر تمام احباب محفوظ رہے،حملے میں 7کارکن زخمی ہوگئے،4کی حالت نازک ہے،گاڑیوں کوشدید نقصان پہنچا ۔

پولیس نے خودکش حملہ ہونے کی تصدیق کردی اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا جبکہ ہلاک ہونےوالے خود کش بمبار کی لاش سول ہسپتال پہنچا دی گئی۔

ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے قافلے پر خود کش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے رپورٹ طلب کر لی اور تحقیقات کاحکم دےدیا۔

اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا شکر ہے سراج الحق محفوظ رہے، یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں،شہباز شریف نے کہا دہشتگرد تمام پاکستانیوں کے دشمن ہیں، پوری قوم دہشتگردوں کےخلاف متحد و یک جان ہے، 2018ءمیں ختم ہونےوالی دہشتگردی پھر پاکستان کو لہو لہو کر رہی ہے،4 سال کا قیمتی وقت ضائع نہ کیا جاتا تو دہشتگردی واپس نہ آتی، وزیراعظم نے مزید کہادہشتگردی میں اضافہ 4 سال کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ ہے جسے قوم بھگت رہی ہے، دہشتگردی کا خاتمہ قومی ایجنڈا و ترجیح ہے جسے پورا کیا جائے گا۔

دریں اثنا سابق صد ر آصف زرداری،وزیر خارجہ بلاول بھٹو،سربراہ پی ڈی ایم فضل الرحمن ودیگر سیاسی رہنماﺅں نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہادہشتگرد عناصر اور سرپرستوں کو ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے،خاتمہ کرکے دم لیں گے،مزید برآںٹانک بازار میں پولیس وین پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ اور فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ میں حملہ آور مارا گیا، 2 پولیس اہلکاروں سمیت 18 افراد زخمی ہوگئے،علاوہ ازیںمستونگ میں انسداد پولیو ٹیم کی خواتین ورکرز پر فائرنگ سے سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار شہید ہوگیا، خوش قسمتی سے خواتین پولیو ورکرز محفوظ رہیں۔