اسلام آباد(بیورورپورٹ) سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کے اختیارات سے متعلق کیس میں پیشرفت ہوگئی،وفاقی حکومت نے عدالتی اصلاحات بلکیخلاف دائر درخواستیں مسترد کرنے اور کیس کی سماعت کےلئے فل کورٹ بنانے کی استدعا کردی،وفاق نے درخواستوں کیخلاف 8صفحات کا جواب سپریم کورٹ میں جمع کراتے ہوئے موقف اختیار کیاہے قانون کیخلاف درخواستیں انصاف کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش ہیں، درخواست گزاروں کی قانون کو چیلنج کرنے کی نیت صاف نہیں،حکومت نے کہا پارلیمنٹ کے قانون سازی کے اختیار پر کوئی قدغن نہیں، ماسٹر آف روسٹر کے تصور کو قانونی تحفظ حاصل نہیں، نئے قانون سے چیف جسٹس کا آئین کے آرٹیکل 184/3کا اختیار ریگولیٹ ہوگا اور عدلیہ کے اختیارات میں کمی نہیں ہوگی،جواب میں مزید کہا گیا ہے قانون میں آرٹیکل 184/3کے اختیار میں اپیل کا حق دیا گیا ہے، آئین کا آرٹیکل10Aبھی فیئر ٹرائل کا حق دیتا ہے، آرٹیکل 184/3میں نظر ثانی کا اختیار بڑا محدود ہے اور فیئر ٹرائل کیلئے اپیل کا حق ضروری ہے،وفاقی حکومت نے مقدمے میں فل کورٹ بنانے کی استدعا کرتے ہوئے اس حوالے سے متفرق درخواست دائر کردی،حکومت نے کہا عدالت کے سامنے پارلیمنٹ کی قانون سازی کے اختیار، عدلیہ کی آزادی اور اداروں کی اختیارات کی تقسیم کے آئینی سوالات ہیں، سپریم کورٹ قانون کیخلاف درخواستیں اہم نوعیت کا آئینی معاملہ ہے، ماضی میں آئینی نوعیت کے ایسے مقدمات کیلئے فل کورٹ بنچ تشکیل دئیے گئے، اس مقدمہ میں بھی آئینی نوعیت کے سوالات اٹھائے گئے،حکومت نے کہا فل کورٹ استدعا کا مقصد کسی جج کو شامل کرانا نہیں بلکہ سپریم کورٹ کے تمام ججز پر وفاق کا اعتبار ہے، لہٰذا مقدمے میں سماعت کیلئے فل کورٹ تشکیل دیا جائے۔
سپریم کورٹ عدالتی اصلاحات بل کیخلاف درخواستیں مسترد،سماعت کیلئے فل کورٹ بنایا جائے:وفاقی حکومت



















