قانون سازی کے اختیار پر پابندی لگانا عدلیہ کا اختیار نہیں: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (مشرق نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ اپنے اختیارات کے تحفظ کےلئے آخری حد تک جائےگی۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بیان میں کہا ہے کہ قانون سازی سے شفاف اور منصفانہ نظام دیاگیا ہے، پارلیمنٹ اپنے آئینی حقوق کا بھرپور تحفظ اور دفاع کرنے کا حق رکھتی ہے اور اپنے آئینی اختیار ات کے تحفظ کےلئے آخری حد تک جائےگی، اس کا قانون سازی کا آئینی اختیارکوئی نہیں چھین سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کااختیار آئین وقانون کی تشریح کرنا ہے، آئین ری رائٹ کرنا یا قانون سازی کے اختیار پر پابندی لگانا عدلیہ کا اختیار نہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پارلیمان نے وکلا برادری، بار کونسلز اور ایسوسی ایشنز کے دیرینہ مطالبے پر قانون سازی کی ، آرٹیکل 184 تین سے متعلق قانون سازی سے عدلیہ کے اختیار ،آزادی وخودمختاری میں کوئی کمی نہیں کی گئی ، بلکہ ون مین شو اور امپریل کورٹ جیسے اعتراضات ختم کئے گئے، اب سپریم کورٹ کے تین سینئر موسٹ جج مشاورت سے یہ اختیار استعمال کریں گے۔