وزیراعظم نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے 180 ارکان کی حمایت کے ساتھ اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا تھا جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے اعتماد کے اظہار کیلئے قرارداد پیش کی گئی۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم میاں شہباز شریف پر اعتماد کی قرار داد قومی اسمبلی میں پیش کی اور کہا کہ پورے ملک میں افواہیں چل رہی ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پوری دنیا کو دکھا دیں کہ پاکستان کی پارلیمان آئین اور جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہے۔بعدازاں سپیکر نے قرار داد کی حمایت میں ارکان کو نشستوں پر کھڑے ہونے کی ہدایت کر دی اور گنتی کی گئی جو کہ 180 نکلی۔ وزیراعظم نے 172 کے بجائے 8 اضافی ووٹ کے ساتھ ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا۔ جماعت اسلامی، جی ڈی اے اور پی ٹی آئی کے منحرف ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ سپیکر نے اعتماد کے ووٹ کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے اعتماد کا ووٹ دینے والے ممبران کا نام قومی اسمبلی کی ویب سائٹ پر ڈالنے کی ہدایت کردی۔