تمام سیاستدان قابل احترام ، فوج کسی جماعت یا نظرئیے کی حامی نہیں،ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف نے واضح کیا ہے کہ تمام سیاستدان قابل احترام ہیں، فوج کسی جماعت یا نظرئیے کی طرف راغب نہیں، سیاستدان فوج کی غیرسیاسی ہونے کی سوچ کو تقویت دیں، اعلیٰ عسکری حکام کی چیف جسٹس سے ملاقات کی تفصیلات پبلک نہیں کی جاسکتی۔

الیکشن کیلئے فوج کی فراہمی پر وزارت دفاع الیکشن کمیشن اورعدالت کو آگاہ کرچکی ہے، آرمی چیف قومی اتفاق رائے ہونے کے فارمولے کا اظہارکرچکے ہیں، موجودہ حالات میں قومی اتفاق رائے ہونا چاہئے، مارشل لا اور ایمرجنسی سے متعلق محض قیاس آرائیاں ہیں، فوج میں احتساب کا عمل چلتا رہتا ہے، پاک فوج کفایت شعاری کی حکومتی مہم کا بھرپور حصہ ہے، ہر قسم کے اخراجات میں نمایاں کمی لائی گئی ہے، پاکستان کو خوشحال اور مستحکم ملک بنانا ہے۔

دہشتگرد چند ماہ سے بلوچستان اور کے پی میں حالات خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں، کالعدم ٹی ٹی پی کا پاکستان مخالف انٹیلی جنس ایجنسیوں سے تعلق ثابت ہوچکا ، کراچی اور پشاور کے 2 بڑے واقعات کے ماسٹر مائنڈ ز پکڑے جاچکے ہیں، ملک میں روز دہشت گردی کیخلاف 70 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ہورہے ہیں، دہشت گردی کےخلاف ہماری جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی، بلوچستان میں سی پیک کے منصوبوں پر کام کی رفتار اطمینان بخش، سی پیک کی سکیورٹی سے چین مطمئن ہے۔

بھارت نے جنگ بندی معاہدے کے باوجود رواں سال 56 بار سرحدی خلاف ورزی کی، پاک فوج نے بھارت کے 6 جاسوسی ڈرون گرائے، کشمیر بھارت کا کبھی اٹوٹ انگ نہیں رہا نہ ہی رہےگا، بھارت کی گیدڑ بھبکیوں سے نہیں ڈرتے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینگے، پاکستان اور چین کے تاریخی اور دیرینہ تعلقات ہیں، آرمی چیف کے دورہ چین میں تمام پہلووں پر بات چیت ہوگی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا آپ سب کو خوش آمدیدکہتا ہوں، عید کے فوراً بعد پریس کانفرنس میں آنا پڑا جس کےلئے میں شکرگزار ہوں،بریفنگ کا مقصد افواج پاکستان کی پیشہ وارانہ سرگرمیوں اور حالیہ دہشت گردی کے خلاف کئے جانے والے اقدامات کا احاطہ کرنا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا سب سے پہلے مشرقی سرحدوں کی پاک، بھارت ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے مابین 2003ءکے سیز فائر ایگریمنٹ پر عملدرآمد کے حوالے سے فروری 2021ءمیں جو سمجھوتہ ہوا ، اسکے بعد سے لائن آف کنٹرول کی صورتحال نسبتاً پرامن رہی ہے۔

بھارتی قیادت کی گیڈر بھبکیاں اور لائن آف کنٹرول پر پاکستان کی جانب سے انفلٹریشن ٹیکنیکل ایئر وائلشین اور دیگر الزامات کا لگا تار جھوٹا پروپیگنڈا بھارت کی درحقیقت خاص سیاسی ایجنڈے کی عکاسی کرتا ہے،پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے قائم کردہ یونائیٹڈ نیشنز ملٹری آبزور گروپ اِن انڈیا اینڈ پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ،پاکستان کی طرف سے اقوام متحدہ کے مبصرین کو لائن آف کنٹرول پر مکمل رسائی دی گئی جبکہ بھارت کی طرف سے اقوام متحدہ کے مبصرین کو نہ ہی کوئی رسائی دی گئی اور نہ ہی لبرٹی آف ایکشن کی اجازت دی گئی۔

ترجمان پاک فوج نے کہا پاکستان کی طرف سے گزشتہ کچھ ہی عرصے کے دوران لائن آف کنٹرول پر 16 دورے کرائے گئے جس میں بین الاقوامی میڈیا اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کا دورہ خصوصی اہمیت کا حامل ہے جبکہ بھارت کی جانب سے ایسا کوئی بھی وزٹ نہیں کرایا گیا جو اس کی مقبوضہ کشمیر میں حقیقی صورتحال کو چھپانے کی خواہش کی غمازی کرتا ہے،رواں سال اب تک 56 مرتبہ بھارت کی جانب سے چھوٹی سطح پر مختلف سیزفائر کی خلاف ورزیاں کی گئیں جس میں اسپیکولیٹو فائر کے باعث فضائی حدود کے 3، سیز فائر کی خلاف ورزیوں کے 6 چھوٹے اور ٹیکنیکل فضائی حدود کی خلاف ورزی کے 25 واقعات شامل ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا بھارت کی لائن آف کنٹرول پر خلاف ورزیوں کے دوران اسی عرصے میں پاک فوج نے 6 جاسوس کوارٹرز کو بھی مار گرایا،افواج پاکستان، بھارت کی تمام شرانگیزوں سے نبردآزما ہونے کےلئے ہمہ وقت تیار اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کےلئے پرعزم ہے۔

میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا اب مغربی سرحدوں کی بات کرتے ہیں، پچھلے چند ماہ سے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گرد امن و عامہ کو خراب کرنے کی بے حد کوششیں کرتے رہے مگر فورسز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مذموم عزائم کو بھرپور طریقے سے ناکام بنانے میں ہمہ تن مصروف ہیں،پاکستان کی داخلی و بارڈر سکیورٹی کو یقینی اور دائمی بنانے کیلئے ہم مکمل طور پر فوکسڈ ہیں، پاکستان کی سول اور ملٹری انٹیلی جنس ایجنسیاں، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سکیورٹی فورسز نے شاندار اقدامات کئے ، دہشتگردوں کے نیٹ ورکس کو کیفرکردار تک پہنچانے میں شب و روز اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

دہشتگردی کے ان واقعات میں کالعدم ٹی ٹی پی کا اور بلوچستان کی دہشت گرد تنظیموں کا بیرونی تعلق بھی ثابت ہوا ، افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاءکے بعد افغانستان میں پیدا ہونے والی تبدیلیوں کے نتیجے میں دہشت گردی کے واقعات میں نسبتاً اضافہ ہوا

دہشتگردی کے ناسور سے نمٹنے کےلئے روزانہ کی بنیاد پر 70 سے زائد آپریشنز افواج پاکستان، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے انجام دے رہے ہیں، بات انتہائی اہم ہے آج عوام اور افواج پاکستان کی لازوال قربانیوں کی بدولت پاکستان میں کوئی ”نوگو ایریا“ نہیں البتہ مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کی کچھ تشکیل سرگرم عمل ہیں جن کی روزانہ کی بنیاد پر سرکوبی کی جا رہی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا آپریشنز کے دوران دہشت گردوں اور سہولت کاروں سے بڑے پیمانے پر اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا اور کیا جارہا ہے،دہشتگردی کے واقعات میں ملوث دہشت گردوں، منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو بے نقاب اور گرفتار کیا گیا ،پولیس لائنز مسجد پشاور کے معصوم اور نہتے شہریوں کو نماز کے دوران اور کراچی میں کراچی پولیس آفس پر حملہ دہشتگردوں کے ناپاک ارادوں کی عکاسی کرتا ہے اور یہ واضح کرتا ہے دہشتگردوں کا ریاست پاکستان، خوشحال مستقبل اور دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں ۔