عمران کیخلاف بغاوت مقدمہ پر سپیشل جے آئی ٹی تشکیل،طیبہ گل کیس میں وارنٹ گرفتاری کاعندیہ

اسلام آباد (بیورورپورٹ)عمران خان کیخلاف بغاوت مقدمہ پر سپیشل جے آئی ٹی تشکیل،تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کےخلاف بغاوت مقدمے پر اسلام آباد پولیس نے سپیشل جے آئی ٹی تشکیل دےدی۔

آئی جی آپریشنز سید شہزاد ندیم بخاری سپیشل جے آئی ٹی کے کنونیئر ہوں گے، جے آئی ٹی میں دیگر قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے،ذرائع کے مطابق پولیس حکام نے کہااسلام آباد پولیس کے افسروں کیخلاف پروپیگنڈا اور بے بنیاد الزامات منظم منصوبے کا حصہ ہیں، تمام ملزموں کو عدالتوں میں پیشی کے دوران سکیورٹی فراہم کی گئی ،پولیس قانون کی حکمرانی نافذ کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

دوسری جانب طیبہ گل کیس میں عمران خان دوسری بار طلبی پر بھی اسلام آباد پولیس کے سامنے پیش نہ ہوئے، انکوائری ٹیم نے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا عندیہ دیدیا،پی ٹی آئی وکیل نعیم حیدر پنجوتھا آئی جی آفس میں پیش ہوئے اور بتایا عمران خان سکیورٹی خدشات کی بنا پر خود پیش نہیں ہو سکتے،،سوالنامہ دیدیا جائے تو تحریری جوابات فراہم کر دیئے جائیں گے۔

پولیس ٹیم نے وکیل سے کہا بتایا جائے عمران خان کو نوٹس زمان پارک لاہور بھیجا جائے یا بنی گالہ رہائشگاہ کے ایڈریس پر،سوالنامہ بھجوانا ہے ، طلبی کا نوٹس یا وارنٹ گرفتاری، فیصلہ غوروخوض کے بعد کیا جائےگا۔