قومی اسمبلی میں 8 رکنی بنچ کے حکم نامے کیخلاف مذمتی قرارداد منظور

اسلام آباد(بیورورپورٹ)قومی اسمبلی میں 8 رکنی بنچ کے حکم نامے کیخلاف مذمتی قرارداد ، چیف جسٹس کے ازخود نوٹس اختیار میں مزید ترمیم کابل منظور،تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کااجلاس سپیکر راجہ پرویزاشرف کی زیر صدارت ہوا،اسمبلی نے سپریم کورٹ کے 8 رکنی بنچ کے حکم نامے کیخلاف مذمتی قرارداد منظور کرلی۔

قرار داد میں کہا گیاسپریم کورٹ کے 8 رکنی بنچ کا حکم نامہ آئین و قانون سے متصادم ہے،ایوان اختیار سلب کرنے کی سپریم کورٹ کی جارحانہ کوشش کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے دوٹوک انداز میں واضح کرتا ہے اختیار سلب کیاجاسکتا اور نہ ہی مداخلت کی جاسکتی ہے،آئین کے 50 سال مکمل ہونے پر گولڈن جوبلی تقریبات کے دوران ریاست کے ایک عضو نے آئین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جو خود آئین کے اندر ناپسندیدہ فعل ہے۔

آئین میں ریاست کے اختیارات 3 اداروں مقننہ ، انتظامیہ اور عدلیہ میں منقسم ہیں اور کوئی ادارہ دوسرے کے امور میں مداخلت کا مجاز نہیں ،ایوان واضح کرتا ہے بجٹ ، مالیاتی بل، اقتصادی معاملات اور وسائل کے اجرا کی منظوری دینے یا نہ دینے کا تمام تر اختیار پارلیمنٹ کے پاس ہے،کوئی ادارہ پارلیمنٹ کے اختیار کو چھین نہیں سکتا اور نہ ہی معطل یا منسوخ کرسکتا ہے ایسا کرنا آئین کے بنیادی تصور کی خلاف ورزی اور دستور کی عمارت ڈھانے کے مترادف ہے۔

پارلیمنٹ کے منظور کردہ سپریم کورٹ (پریکٹس اینڈ پروسیجر ) بل مجریہ 2023 کو وجود میں آنے، آئینی وقانونی عمل کے نتیجے میں تکمیل پانے اور نافذ العمل ہونے سے پہلے ہی متنازع ویکطرفہ 8رکنی بنچ میں زیرسماعت لاکر پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ ورق کا اضافہ کیاگیا ،اقدام خلاف آئین وقانون روایت نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ منطق و عدالتی طریقہ کار کے بھی سراسر برعکس ہے،عمل بذات خود بلاجواز عجلت کا ثبوت ہے لہٰذا آئین، قانون اور انصاف کے مروجہ طریقہ کار کے مطابق حکم یا فیصلہ تسلیم نہیں کیاجاسکتا،مسترد کرتے ہیں،وفاقی حکومت سنگین آئینی خلاف ورزی کا بغور جائزہ لےکر درستگی کےلئے آئین و قانون کے مطابق اقدامات کرے۔

قومی اسمبلی نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی جانب سے قائم ڈیم فنڈ کی رقم قومی خزانے میں جمع کرانے کی قرارداد بھی منظور کرلی ،قرارداد میں کہا گیاوسائل 2022 کے تباہ کن سیلاب کے متاثرین کی مددو بحالی کےلئے بروئے کار لائے جائیں،علاوہ ازیںچیف جسٹس کے ازخود نوٹس اختیار میںمزید ترامیم کا بل منظورکر لیا گیا،ترمیم کے ذریعے اپیل کیلئے وقت 30 دن کی بجائے60 دن کردیا گیا۔