تمام اداروں اور سیاسی قوتوں کو مثبت سوچ کا مظاہرہ کرکے آگے بڑھنا ہوگا:گورنر پنجاب
لاہور (اپنے رپورٹر سے)گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کو جن چیلنجز کا سامنا ہے، اس کےلئے تمام اداروں اور سیاسی قوتوں کو مثبت سوچ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا، تبھی ہم پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سول سروسز اکیڈمی لاہور میں تربیت حاصل کرنے والے 50ویں کامن ٹریننگ پروگرام کی پاسنگ آﺅٹ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل سول سروسز اکیڈمی کامران علی افضل، عارفہ صبہوئی، فیکلٹی ممبران ، پرو بیشنری آفیسرزاور ان کے والدین اور عزیز و اقارب کی کثیر تعداد موجود تھی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ سول سروس کا مقصد لوگوں کی بھلائی اور بہتری ہے اور انہی مقاصد کو مدنظر رکھتے ہوئے آپ لوگوں نے اپنی ذمہ داریوں کونبھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدمت انسانیت سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ سول سروس سے وابستہ افراد پر اللہ تعالی کی خاص مہربانی ہے جنہیں بروردگار نے اپنے بندوں کی رہنمائی اور دادرسی کے لئے منتخب کیا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ آپ افسران کا شمار پاکستان کے سب سے زیادہ قابل نوجوانوں میں ہوتا ہے۔دوسری طرف گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے بطور چانسلر پنجاب کی مختلف یونیورسٹیوں میں اہم پوسٹوں پر تعیناتیاں اور نامزدگیاں کر دیں۔



















