مشترکہ اجلاس میں عدالتی اصلاحات بل اور ملک بھر میں ایک ہی روز انتخابات کرانے کی قرارداد منظور

اسلام آباد(بیورورپورٹ)پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں عدالتی اصلاحات بل اور ملک بھر میں ایک ہی روز انتخابات کرانے کی قرارداد منظور،تفصیلات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی راجہ رویز اشرف کی زیر صدارت ہونےوالے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل منظوری کےلئے پیش کیا،اس دوران پی ٹی آئی سینیٹرز نے سپیکر قومی اسمبلی ڈائس کے سامنے شدید احتجاج کیا اورعدلیہ پر حملے نامنظور،الیکشن کراو ملک بچاوو ،امپورٹڈ حکومت نا منظور کے نعرے لگائے، سپیکر خاموش کراتے رہے،پی ٹی آئی سینیٹرز نے بل کی کاپیاں پھاڑ کر پھینک دیں۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل منظوری کےلئے صدر مملکت کو بھیجا گیا ، صدر نے بل واپس بھیج دیا، صدر مملکت نے قومی اسمبلی و سینٹ کا پاس کردہ بل واپس بھیجا ، دونوں ایوانوں نے بل پر بحث بھی کی تھی،صدر مملکت نے اپنے خط میں سوالات اٹھائے ، صدر نے جو سوالات اٹھائے وہ نامناسب ہیں، صدر کو مشورہ ہے وہ ریاستی سربراہ کے طور پر کام کریں، اپنی جماعت کے کارکن کے طور پر کام نہ کریں، صدر صاحب تعصب کی عینک پہن کر جماعت کی سروس شروع کر دیتے ہیں۔

بل پارلیمان کی صوابدید ہے، صدر کے الفاظ مناسب نہیں ، صدر اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کریں، کسی سیاسی جماعت کے رکن نہ بنیں،وفاقی وزیر نے کہا صدر تعصب کی عینک اتار کر بل کو پڑھ لیتے، سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد کا تعین بھی ایکٹ آف پارلیمنٹ سے ہی ہوتا ہے، سپریم کورٹ کے اندر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں، آئین کے تحت قانون ساز ایوان پارلیمنٹ ہے، 22کروڑ عوام کا نمائندہ ایوان ہے، امپیریل کورٹ کے تاثر کو زائل کرنے کےلئے بل لایا گیا ، تمام تر اختیارات اکیلے چیف جسٹس سے لےکر سینئر 3ججوں کو دئیے گئے۔

،بعد ازاں وزیراعظم کی معاون خصوصی شزہ فاطمہ خواجہ نے عدالتی اصلاحات بل میں مزید ترمیم پیش کیں جس کے مطابق قانون کی منظوری کے بعد ججز کمیٹی کا اجلاس قواعد و ضوابط طے کرنے کیلئے بلایا جائیگا، قواعد کی منظوری تک ججز کمیٹی کا اجلاس چیف جسٹس یا کوئی بھی جج بلا سکے گا، ایوان نے پیش کردہ نئی ترامیم کو بھی کثرت رائے سے منظور کرلیا۔

جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد کی پیش کردہ ترمیم کو کثرت رائے سے مسترد کردیا گیا،سینیٹر مشتاق نے کہامخصوص شخصیات کیلئے قانون سازی نہیں ہونی چاہیے،بل اب منظوری کے بعد دوبارہ صدر مملکت کو دستخط کےلئے بھیجا جائے گا،عارف علوی کی جانب سے دستخط نہ کیے جانے کے باوجود 14روز بعد خود ایکٹ بن جائے گا۔

علاوہ ازیںپارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وفاق ،چاروں صوبوں میں ایک ہی روز انتخابات کرانے کی قرارداد وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی نے پیش کی، عام انتخابات ایک ہی روز کرانے کی دوسری قرار داد سینیٹر کامران مرتضی نے پیش کی،وفاق اور چاروں صوبوں میں ایک ہی روز انتخابات کرانے کی قرارداد منظور کرکے اجلاس 15 مئی کی شام 4 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔