قوم فیصلہ کرلے فتنے کے آگے جھکے گی یا خیر کیلئے اٹھ کھڑی ہوگی،رانا ثنا

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر داخلہ رانا ثنانے کہاہے قوم فیصلہ کرلے فتنے کے آگے جھکے گی یا خیر کیلئے اٹھ کھڑی ہوگی، فیصلہ کرنا ہو گاعدالتوں پر حملہ کرنےوالوں کےساتھ کھڑی ہو گی یا عدلیہ کا احترام کرنےوالوں کا ساتھ دے گی،سابق وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے رانا ثنا نے کہا عمران نیازی صاحب آپ درست فرما رہے ہیں ملک و قوم انتہائی نازک موڑ پر کھڑے ہیں۔

قوم کو فیصلہ کرنا ہوگا اجتماعی شعور کا ساتھ دے گی یا تکبر و ہٹ دھرمی کی بنیاد پر کئے گئے فیصلوں کا،قوم فتنے کے آگے جھکے گی یا خیر کیلئے اٹھ کھڑی ہوگی، اداروں کا احترام کرے گی یا اپنی انا کی تسکین کیلئے اداروں کو توڑنے والوں کا ساتھ دے گی، جمہوری رویوں کو اپنائے گی یا عدم برداشت کے کلچر کو اپنائے گی، قانون نافذ کرنے والوں کا ساتھ دے گی یا پٹرول بم چلانے والوں کا ساتھ دے گی۔

رانا ثنا نے مزید کہا قوم انصاف کرنے والوں کا ساتھ دے گی یا انصاف کے نام پر اپنی ہٹ دھرمی پر قائم رہنے والوں کا ساتھ دے گی، جمہوریت، عزت و احترام ،جیو اور جینے دو کا نظریہ اپنائے گی یا جلا دو، مار دو اور کسی کو نہیں چھوڑوں گا جیسے پاگل پن کا ساتھ دے گی۔