سابق ایس پی قتل کیس میں اہم پیشرفت ، مقتول کی بیوہ بھابھی سمیت3 گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر)سی آئی اے پولیس نے سابق ایس پی چودھری فرحت عباس کے قتل میں ملوث 2خواتین سمیت 3افراد کو گرفتار کر لیا،پولیس کے مطابق مقتول چودھری فرحت عباس کی اپنی ہی بھابھی نے جیٹھ کو اپنے دوسرے شوہر سے قتل کرایا۔

مقتول اپنے بھائی کلیم انور عرف کمی کی بیوی سے شادی کرنا چاہتا تھا لیکن کلیم انور عرف کمی کی بیوی نے شادی سے انکار کیا اور سکیورٹی گارڈ عارف آفریدی سے شادی کر لی،ملزمہ نے اپنے دوسرے شوہر عارف آفریدی کے ذریعے اپنے جیٹھ چودھری فرحت عباس کو قتل کروا دیا اور ملزم عارف قتل کرکے علاقہ غیر فرار ہوگیا۔

سی آئی اے پولیس کی ٹیموں نے ملزمہ کو حراست میں لیکر تفتیش کی تو اس نے اعتراف جرم کر لیا، سی آئی اے اقبال ٹاون پولیس کی سپیشل ٹیموں نے ملزم عارف کو موبائل فون کی لوکیشنز کی مدد سے علاقہ غیر سے گرفتار کیا،ایس ایس پی سی آئی اے لیاقت علی ملک نے بتایا مقتول نے بیوہ بھابھی کو ذاتی سکیورٹی گارڈ رکھنے سے منع کیا تھا، ملزم 2ہفتے سے مقتول کے گھر کے قریب ہوٹل میں رہائش پذیر تھا، ملزم نے قتل کرنے سے قبل حلیہ تبدیل کیا اور قتل کے بعد بھی حلیہ تبدیل کیا۔