ریکو ڈک منصوبہ بلوچستان کےلئے گیم چینجر،ترقی کانیا دور شروع ہوگا،وزیراعظم

اسلام آباد،راولپنڈی (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے ریکو ڈک منصوبے پر عملدرآمد کےلئے پراجیکٹ سپورٹ ٹیم کے قیام کی ہدایت کرتے ہوئے کہا منصوبے پر عملدرآمد کےلئے تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داری پوری کریں، ریکو ڈک منصوبے پر حالیہ معاہدہ دونوں فریقین کےلئے فائدہ مند ہو گا،ریکو ڈیک منصوبہ بلوچستان کےلئے گیم چینجر ثابت ہو گا اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا،تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے بیرک ریکو ڈک مائننگ کمپنی کے وفد نے چیف ایگزیکٹو افسر مارک برسٹوو(Mark Bristow)کی سربراہی میں ملاقات کی جس میں مارک برسٹوو نے وزیراعظم کو منصوبے کی اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے مارک سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ریکو ڈک منصوبے پر حالیہ معاہدہ دونوں فریقین کےلئے فائدہ مند ہو گا،منصوبہ بلوچستان کےلئے گیم چینجر اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا،وزیراعظم نے ریکو ڈک منصوبے پر عملدرآمد کےلئے پراجیکٹ سپورٹ ٹیم کے قیام کی ہدایت کرتے ہوئے کہا منصوبے پر عملدرآمد کےلئے تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔

وزیراعظم نے بیرک ریکو ڈک مائننگ کمپنی کے کارپوریٹ سوشل رسپانسبلیٹی پرجاری کاموں کی تعریف کی اور کمپنی کو بلوچستان میں دانش سکولز کے قیام میں حکومت کےساتھ مل کر کام کرنے کی ترغیب بھی دی، وزیراعظم نے کہاپاکستان میں کان کنی،انفارمیشن ٹیکنالوجی،توانائی، مواصلات اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

شہبازشریف نے کہا حکومت ملک میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات دینے کےلئے اقدامات اٹھا رہی ہے،پاکستان کے کئی علاقے خصوصاً بلوچستان معدنیات سے مالا مال ہیں ، قدرتی وسائل سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کےلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔