جج دھمکی کیس:عمران کے وارنٹ گرفتاری قابل ضمانت میں تبدیل پانچ مقدمات میں حفاظتی ضمانت میں توسیع

اسلام آباد(بیورورپورٹ)جج دھمکی کیس میں عمران کے وارنٹ گرفتاری قابل ضمانت میں تبدیل،5مقدمات میں حفاظتی ضمانت میں توسیع،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے خاتون جج دھمکی کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو قابل ضمانت وارنٹ میں تبدیل کر دیا،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے جج فیضان حیدر گیلانی نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی کی وارنٹ منسوخی کی درخواست کو ہدایات کے ساتھ نمٹا دیا،قبل ازیں اسلام آباد کی سیشن عدالت میں خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی وارنٹ معطلی میں توسیع کی درخواست پر سماعت ہوئی، ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی کی عدالت میں پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی پیش ہوئے جنہوں نے استدعا کی عمران خان کو آئندہ تاریخ پر پیش کرنے کے لیے پابند کیا جائے،جج نے کہا ساڑھے 10بجے پی ٹی آئی کے وکلاءآئیں گے تو کیس تب ہی سنیں گے، ساڑھے 10بجے ہی فریقین کے دلائل بھی سنیں گے، اس کے ساتھ ہی کیس کی سماعت میں ساڑھے 10بجے تک وقفہ کر دیا گیا،عمران خان کے وکیل گوہر علی خان کے عدالت میں پہنچنے پر عدالت میں دوبارہ سماعت شروع ہوئی،عمران خان کے وکیل گوہر علی خان نے استدعا کی عمران خان توشہ خانہ کیس میں 30مارچ کو کچہری آ رہے ہیں، عدالت بھی 30مارچ کو سماعت کر لے، میں سول کورٹ میں وارنٹ کی تاریخ 29سے 30مارچ کرنے کی درخواست دے دیتا ہوں،جج نے وکیل گوہر علی سے مخاطب ہو کر کہا آپ عجیب بات کر رہے ہیں، آپ 30مارچ کی استدعا کر رہے ہیں جبکہ وارنٹ گرفتاری کا حکم 29مارچ کا ہے،پراسیکیوٹر نے کہا یہ تو مطلب ہوا عدالت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی جرات بھی نہ کرے، وارنٹ معطلی کی درخواست پر میرٹ پر دلائل دینے چاہئیں، ملزم عدالت کا بی لووڈ بوائے ہوتا ہے لیکن اتنا بھی پسندیدہ بچہ نہیں ہوتا،اس موقع پر وکیل گوہر علی نے عمران خان کے وارنٹ معطلی میں 30مارچ تک توسیع کرنے کی استدعا کر دی،جج نے کہا 29مارچ کو عدالت کوئی بھی فیصلہ جاری کر سکتی ہے، وکیل گوہر علی نے کہا توشہ خانہ کیس والے وارنٹ 30مارچ تک معطل ہیں،جج نے سوال کیا کیا عمران خان خاتون جج کے کیس میں کبھی پیش ہوئے ہیں؟پراسیکیوٹر نے کہا عمران خان اس کیس میں کبھی پیش نہیں ہوئے، ابھی کیس کی نقول بھی دینی ہیں، وکیل گوہر علی کا تو خاتون جج کیس میں وکالت نامہ ہی نہیں ہے،عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی لیگل ٹیم کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کر لیا، جسے بعد میں جاری کیا گیا، جس کے مطابق عدالت نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو قابل ضمانت وارنٹ میں تبدیل کر کے درخواست نمٹا دی،دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان حفاظتی ضمانت کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوگئے،جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس انوار حسین پر مشتمل دو رکنی بینچ نے عمران خان کی حفاظتی ضمانتوں کی درخواستوں کی رجسٹرار آفس کے اعتراض کے ساتھ سماعت کی،عمران خان نے اسلام آباد میں درج مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواست کی۔ رجسٹرار آفس نے اعتراض کیا کہ عمران خان ان مقدمات میں پہلے حفاظتی ضمانت لے چکے ہیں،وکیل عمران خان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ہم پیش ہونا چاہتے ہیں، ہماری بدنیتی کہیں بھی نہیں ہے، عمران کی شدید سکیورٹی خدشات ہیں،عمران خان نے روسٹرم پر آکر کہا جب میں 18مارچ کو اسلام آباد گیا تو پتھرا و¿اور شیلنگ کی گئی ، میری زندگی خطرے میں تھی ، تمام کوششوں کے باوجود میں متعلقہ عدالت نہیں پہنچ سکا، میرے اوپر دہشتگردی کے 40کیسز ہیں،سرکاری وکیل نے اعتراض کیا عمران خان کو لاہور ہائیکورٹ کے بجائے اسلام آباد کی عدالت میں جانا چاہیے، عدالت نے عمران خان کی درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کردیا،عمران کے وکیل نے کہا 27کو عمران خان نے دیگر کیسز میں اسلام آباد پیش ہونا ہے یہ عدالت 27مارچ تک حفاظتی ضمانت منظور کرے،جسٹس طارق سلیم شیخ نے عمران خان کے وکیل کو بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا آپ بیان حلفی دیں آپ اسلام آباد کی عدالت میں گئے اور درخواستیں دائر کیں، درخواست دائر ہوئیں تھی مگر اندر جانے نہیں دیا گیا، آپ کی درخواستیں انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں زیر التوا ہیں، آپ کے بیان حلفی کو ریکارڈ کا حصہ بنائیں گے، ہم چاہتے ہیں جو آپ لکھ کر دیں اس پر عملدرآمد ہو،لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کو بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔