کسی بھی ملک کی ترقی وخوشحالی کادارومدارشعبہ زراعت پرہے : احسن اقبال
بدوملہی (نامہ نگار) جشن بہاراں فیسٹیول 2023کے تحت نارووال پبلک سکول میں محکمہ زراعت (توسیع)نارووال کے زیراہتمام دھان کی کاشت کے جدید طریقہ ہائے کار،سٹوریج کی ماڈرن تکنیکس اور ایکسپورٹ کے حوالے سے رائس سیمینارکاانعقاد،وفاقی وزیرپلاننگ چوہدری احسن اقبال نے سیمینارمیں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر محمداشرف، ڈائریکٹر زراعت (توسیع) جاوید اقبال، ڈی ڈی زراعت تنویر احمد تتلہ ،اے ڈی زراعت احسان الحق پنوں،سابق ڈی ڈی چوہدری عارف، عبدالرزاق کے علاوہ سابق ممبرزپنجاب اسمبلی خواجہ وسیم بٹ،بلال اکبر،رانامنان سمیت ایکسپورٹرز،کمپنی ڈیلڑز،مختلف محکموں کے افسران اورکاشتکاران کی کثیرتعدادنے سیمینارمیں شرکت کی۔سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرمنصوبہ بندی وترقی چوہدری احسن اقبال نے کہاکہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے ،کسی بھی ملک کی ترقی وخوشحالی کادارومدارشعبہ زراعت پرہے ،زراعت کے شعبے کومضبوط بنانے میں کاشتکاروں کے کردارکوفراموش نہیں کیاجاسکتا۔وفاقی وزیرنے کہاکہ شعبہ زراعت ملک کے تمام خسارے پورے کرسکتاہے ،بہت جلدزراعت کواپنے پیروں پرکھڑاکریں گے تاکہ ایکسپورٹ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ زرمبادلہ کمایا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ بہت جلدہم زراعت میں خودکفیل ہوں گے، اس کیلئے حکومت ٹھوس اقدامات کررہی ہے اگرہم زراعت پرتوجہ دیں توپاکستان کی زمین سونااگل سکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سائنس اورٹیکنالوجی سے زراعت کوبڑھاناہوگاتاکہ زراعت میں انقلاب آسکے اس کیلئے نئی ٹیکنالوجی کواپناناہوگا۔وفاقی وزیرمنصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہاکہ پاکستان کواس وقت اتحاداوریکجہتی کی سخت ضرورت ہے تاکہ ملک میں استحکام کے ساتھ ملکی پیداوارمیں اضافہ ہوسکے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت بچوں کوجدیدعلوم سے روشناس کرانے کی اشدضرورت ہے لہٰذاآج ہمیں یہ عہدکرناہوگاکہ ملک میں بڑھتے ہوئے معاشی بحران سے نپٹنے کیلئے ایک ساتھ کھڑاہوناہوگا۔انہوں نے کہانارووال کاباسمتی چاول پورے ملک کی پہچان بن چکاہے اس کواشتراک کے ساتھ پوری دنیامیں بہترین ایکسپورٹ کرکے زرمبادلہ حاصل کیاجاسکتا۔وفاقی وزیرمنصوبہ بندی وترقی نے ضلع نارووال میں جشن بہاراں فیسٹیول کے شاندارانعقاد پر ڈپٹی کمشنرمحمداشرف کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ مجھے دلی خوشی ہوئی ہے کہ جشن بہاراں کاآغاززراعت سیمینارسے کیاگیاہے ۔بعدازاں انہوں نے شعبہ زراعت کی طرف سے لگائے جانےوالے سٹالز کابھی معائنہ کیا۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنرچودھری اشرف نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرمنصوبہ بندی وترقی احسن اقبال کو ضلع نارووال میں زراعت کے حوالے سے کئے جانےوالے منصوبہ جات کے بارے تفصیل سے آگاہ کیا۔



















