گرفتاری کا دعویٰ محض ڈرامہ ، اصل مقصد اغوا اور قتل کرنا ہے،عمران خان

لاہور(خبر نگار)سابق وزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا واضح طور پر گرفتاری کا دعوی محض ڈرامہ تھا، اصل مقصد اغوا اور قتل کرنا ہے،آنسو گیس و واٹر کینن کے بعد براہ راست فائرنگ کا سہارالیاگیا ، میں نے ضمانتی بانڈ پر دستخط کیے، ڈی آئی جی نے اسے بھی قبول کرنے انکار کردیا۔

عمران خان نے مزید کہا حکمرانوں کی بدنیتی اور ناپاک عزائم میں کسی قسم کا ابہام باقی نہیںجبکہ اپنے ویڈیو پیغام میں عمران خان نے کہاباہر موجود کارکنوں پر کوئی کنٹرول نہیں رہا ،پولیس والوںنے صرف شیلز فائر نہیں کئے بلکہ گولیاں بھی چلائیں، گولیاں چلانے والے ایک آدمی کو عدالت میں پیش کرنے کیلئے نہیں آتے ۔

میں انتشار نہیں چاہتا تھا ،میرا بیگ پیک تھا لیکن کارکنوں کو ڈر ہے انہوں نے جس طرح اعظم سواتی ، شہباز گل پر تشدد کیا جس طرح ارشد شریف کے ساتھ کیا میرے ساتھ بھی وہی کریں گے،ظل شاہ سپیشل انسان تھا قتل کرکے سڑک پر پھینک دیا، سارے فکر کر رہے ہیں ایک مرتبہ لے گئے آپ سے بھی ایسا ہی کریں گے ۔

پوچھنا چاہتا ہوں میں نے کون سا جرم کیا جو انہوں نے حملہ کرایا،زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے یہ کیا کر لیں گے،تماشہ بند کریں ،میںجیل چلا جاﺅں جو بھی ہو جائے قوم نے حقیقی آزادی کے جہاد میں شرکت کرنی ہے ، غلام قوم کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا۔