لاہور (قمر عباس نقوی) واسا کے ٹھیکیدار مون نے روزنامہ ”مشرق“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم ڈی واسا غفران گجر کی جانب سے محکمے کی تاریخ تبدیل کرنے کی منصوبہ بندی اختیار کی گئی ہے۔ ڈی ایم ڈی آپریشن عبدالکریم کو ڈمی بناتے ہوئے اختیارات ذاتی طور پر استعمال کررہا ہے جو کہ سراسر غیر قانونی فعل ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ محکمہ میں برادری ازم کو پرموٹ کیا جا رہا ہے اور انہیں ٹھیکیدار وں اور سرکاری ملازمین کی کمپنیون کو کام دیا جارہا ہے۔ ایم ڈی واسا نے جونیئر افسران کو نوازتے ہوئے سینئرز کو نظرانداز کرنے کا منصوبہ اختیار کررکھا ہے۔ کروڑوں روپے کے فنڈز بوگس کاموں کی مد میں جاری کئے گئے اور من پسند ٹھیکیداروں کو مختلف سیور اور واٹر سپلائی سمیت ڈسیلٹنگ کے کام جاری کرنے کی مد میں ہیڈ آفس میں افسران کو 7 فیصد کمیشن ادا کیا جا رہا ہے۔ ایم ڈی واسا کی جانب سے ایکسین ہیڈکوارٹرز کو سرکاری رہائش کی تزئین و آرائش کی خاطر 70لاکھ سے زائد کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں، اسکے بعد انکی جانب سے اخراجات میں کمی کے نام پر آر اینڈ ایم پر پابندی کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔ ٹھیکیدار مون کا مزید کہنا ہے کہ متعدد ٹاﺅنز میں جاری ہونیوالے کروڑوں روپے کے فنڈز کا استعمال نہ ہونے کے برابر ہے۔ اس میں اکثر اسٹیمیٹ بوگس ہیں، اگر ان کاموں کو چیک کرایا جائے تو حقیقت عیاں ہوجائےگی۔ ایک اندازے کے مطابق تمام ٹاﺅنز کو مختلف کاموں کی مد میں جاری کئے جانے والے کوارٹرز میں سے پیپرا رولز سے محفوظ رہنے کی خاطر تیکنیکی حربہ استعمال کرتے ہوئے کم لاگت کے 70 فیصد لوکل ٹینڈرز کئے گئے ہیں۔ ٹاﺅنز ڈائریکٹرز اسٹیمیٹ کی منظوری کی مد میں 7 فیصد کمیشن وصول کرتا ہے۔ جو ٹھیکیدار متعلقہ ڈائریکٹر کو کمیشن کی ادائیگی نہیں کرتا، اسکے اسٹیمیٹ کی منظوری نہیں ہوتی۔ ایکسین جوہر ٹاﺅن کے مطابق ایم ڈی واسا غفران گجر کا کہنا ہے کہ کوئی بھی ڈائریکٹر مون ٹھیکیدار کو کوئی کام نہ دے۔ انکا مزید کہنا ہے کہ واسا کی تاریخ میں کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے جا رہے ہیں۔ محکمے میں ہونےوالے بوگس کاموں اور ایم ڈی واسا کے اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کیخلاف اینٹی کرپشن اور نیب میں جلد تحریری شکایت کی جائےگی۔
واسا میں کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کئے جا رہے ہیں: ٹھیکیدار مون



















