عمران خان کیخلاف کوئٹہ میں بھی مقدمہ درج

کوئٹہ،لاہور(بیورورپورٹ،خبر نگار)سابق وزیر اعظم عمران خان کےخلاف کوئٹہ کے بجلی روڈ تھانہ میں بھی مقدمہ درج کر لیا گیا،عبدالخلیل کاکڑ نامی شہری کی درخواست پر درج مقدمے میں الیکٹرانک کرائمز کی روک تھام سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا عمران خان نے ریاستی اداروں کےخلاف بے بنیاد الزامات عائد کئے، ریاستی اداروں کے افسروں کےخلاف اشتعال انگیز تقاریر کرکے نفرت پھیلائی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فواد چودھری نے کہا عمران خان کےخلاف 2نئی FIR درج کی گئیں، ایک FIR کوئٹہ اور دوسری FIR اسلام آباد میں درج کی گئی ،فواد چودھری نے مزید کہا نئے مقدموں کے بعد سابق وزیر اعظم پر کیسز کی تعداد 75 ہو گئی ،حکومت میں کوئی شرم ہے نہ حیائ۔