لاہور(خبر نگار،کورٹ رپورٹر)سکیورٹی خدشات ،عورت مارچ پر پابندی عائد،انتظامیہ نے فیصلہ چیلنج کردیا،تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور نے جماعت اسلامی کے حیا مارچ و دیگر تنظیموں کے احتجاج کے باعث عورت مارچ انتظامیہ کو ناصر باغ، ایوان اقبال، الحمرا اور مال روڈ پر مارچ کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔
ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) رافعہ حیدر نے سکیورٹی خدشات، مارچ کے دوران متنازع پلے کارڈز ،نعروں اور جماعت اسلامی کی خواتین کی طرف سے مال روڈ پر حیا مارچ کے شرکاءکےساتھ تصادم خدشات کی وجہ سے عورت مارچ انتظامیہ کی درخواست کو مسترد کیا،ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہا سکیورٹی اداروں کی رپورٹس کے مطابق عورت مارچ پر کافی تھریٹ الرٹس ہیں۔
دریں اثنا منتظمین کی جانب سے عورت مارچ پر پابندی کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا،درخواست گزار نے موقف اپنایا ڈی سی لاہور کا عورت مارچ پر پابندی کا فیصلہ غیر قانونی ہے، مارچ میں حقوق کے تحفظ کی بات ہوتی ہے، پرامن مارچ پر پابندی آئین کی خلاف ورزی ہے، عدالت فیصلہ کالعدم قرار دے، پٹیشن کے حتمی فیصلے تک ڈی سی کا فیصلہ معطل کیا جائے۔
دوسری طرف عورت مارچ کی آرگنائزنگ کمیٹی نے 8 مارچ کو ہر صورت مارچ کا فیصلہ کرلیا،آرگنائزنگ کمیٹی نے کہاعورت مارچ آئینی حق ہے ،کسی این او سی کی ضرورت نہیں، 8 مارچ کو مارچ کریں گے اور کسی کو آئینی حق چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے،کل پریس کانفرنس میںاپنے لائحہ عمل کا اعلان بھی کریں گے۔
سکیورٹی خدشات ،عورت مارچ پر پابندی عائد،انتظامیہ نے فیصلہ چیلنج کردیا



















