لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی محتسب میجر (ر) اعظم سلیمان نے کہا ہے کہ اب تک موصول ہونےوالی 95 فیصد عوامی شکایات کا ازالہ کر دیا گیا ہے۔ صوبائی محتسب معاشرے کے تمام طبقات کیلئے بلا معاوضہ انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کر رہے تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔میجر (ر) اعظم سلیمان نے کہا کہ صوبائی محتسب نے ہیلپ لائن 1050 کے اجراءسمیت نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ادارے کو 24/7 کی بنیاد پر ڈیجیٹلائز اور فعال بنایا گیا۔ صوبائی محتسب پنجاب کے تمام اضلاع میں کام کرنے والے محتسب کے علاقائی دفاتر کے ساتھ ہم آہنگ ہے اور ہیلپ لائن شکایات پر فوری کارروائی کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی محتسب تفتیشی افسر کی کارکردگی کی نگرانی کررہا ہے۔ صوبائی محتسب نے 5 اضلاع میں علاقائی دفاتر کی عمارتیں بھی تعمیر کی ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی محتسب پولیس، ریونیو ایڈمنسٹریشن، لوکل گورنمنٹ، محکمہ ہاو¿سنگ، صحت اور تعلیم کے شعبوں سے متعلق شکایات کو احسن طریقے سے حل کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی صوبائی محتسب کے فیصلوں پر نظرثانی کرنا چاہتا ہے ،جو بہت کم کیسز میں ہوتا ہے تو وہ گورنر پنجاب سے اپیل کر سکتا ہے۔ اگر گورنر کے فیصلے پر اعتراض ہے تو وہ ہائی کورٹ جا سکتا ہے لیکن ایسے کیسز کی تعداد بہت کم ہے۔ زیادہ تر لوگ صوبائی محتسب کے فیصلوں کو تسلیم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی محتسب نہ صرف لوگوں کی شکایات کا ازالہ کرتا ہے بلکہ بیواو¿ں، غیر قانونی ہاو¿سنگ سوسائٹیوں کے متاثرین وغیرہ کے مسائل بھی حل کرتا ہے، اس کے علاوہ پنجاب کے تمام قبرستانوں کی دیکھ بھال کا کام بھی صوبائی محتسب نے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ صحت کے شعبے میں سہولیات کی کمی جیسے ہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشین، ایکسرے وغیرہ کی عدم دستیابی کو صوبائی محتسب دیکھتا ہے، صوبائی محتسب سیکرٹری صحت کو بلا کر صحت کے شعبے میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔
محکمہ صوبائی محتسب عوامی شکایات کو خوش اسلوبی سے حل کررہا ہے: میجر (ر) اعظم سلیمان



















