کراچی پولیس آفس حملہ ایک اور زخمی اہلکاردم توڑ گیا،تحقیقات میں اہم پیشرفت،10 گرفتار

کراچی (بیورورپورٹ )کراچی پولیس آفس(کے پی او)پر حملے میں زخمی ہونے والا ایک اور پولیس اہلکار آج دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہونے والا اہلکار عبداللطیف سکیورٹی ڈویژن میں تعینات تھا۔عبداللطیف کے انتقال کے بعد کراچی پولیس آفس پر حملے میں شہادتوں کی تعداد 5 ہو گئی ہے۔واضح رہے کہ جمعہ17فروری کی شب کراچی پولیس ہیڈ آفس پر ہونے والے حملے میں تمام دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ پولیس اور رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد شہید اور 18افراد زخمی ہوئے تھے۔مزید برآںپولیس آفس حملے کی تحقیقات کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر 10سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔تحقیقاتی ادارے کراچی، ملتان اور پشاور میں پولیس پر ہونے والے حملوں کی کڑیاں جوڑنے لگے، قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعہ کی مختلف زاویوں سے تفتیش کر رہے ہیں۔تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے پشاور پولیس لائن پر حملہ جمعہ کو کیا، کراچی پولیس پر حملے کیلئے بھی جمعہ کے روز کا انتخاب کیا گیا، دہشت گردوں کا ہدف صرف پولیس تھی۔کراچی پولیس آفس پر حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا، مقدمہ ایس ایچ او صدر انسپکٹر خالد حسین میمن کی مدعیت میں سی ٹی ڈی سول لائنز تھانے میں درج کیا گیا ہے۔مقدمے میں 3 ہلاک سمیت کالعدم تحریک طالبان کے 5 دہشت گردوں کو نامزد کیا گیا، مقدمے میں قتل، اقدام قتل، دہشت گردی کی دفعات سمیت سنگین نوعیت کی دفعات شامل ہیں۔