لاہور:(لیڈرنیوز) بینکنگ کورٹ نے شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف فرد جرم 10 مارچ تک ملتوی کر دی، عدالت نے لیگی رہنماو¿ں کی عبوری ضمانت میں 10 مارچ تک توسیع کر دی۔شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے اور حاضری مکمل کی۔ ملزمان کے وکلا نے استدعا کی کہ عدالت میں وکلا کی ہڑتال ہے، آج دلائل نہیں دے سکتے۔ حمزہ شہباز کی جانب سے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے پاور آف اٹارنی جمع کرایا۔ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کو واضح نقول فراہم کر دی گئی ہیں، ملزمان بغیر کسی وجہ کے مقدمے میں تاخیر کر رہے ہیں، قانون میں کہا گیا ہے کہ جب نقول فراہم کی جائیں تو ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حکومت کو اب لانگ مارچ اور دھرنے نظر آرہے ہیں، ذاتی انا کی وجہ سے ایف آئی اے نے یہ کیس دوبارہ تیار کیا۔ اس پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ یہ انا کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ قانون کہتا ہے کہ ٹرائل جلد ہونا چاہیے۔
شہباز شریف اور حمزہ کے خلاف فرد جرم 10 مارچ تک موخر



















