منی لانڈرنگ کیس‘شہباز‘حمزہ پر فردجرم عائد نہ ہوسکی

لاہور:(لیڈرنیوز)منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔ عدالت نے ایف آئی اے کے منی لانڈرنگ چالان پر سماعت 28 فروری تک ملتوی کر دی۔احتساب عدالت میں شہباز شریف، حمزہ شہباز اور خاندان کے دیگر افراد کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ قائد حزب اختلاف شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئے۔ نیب ریفرنس میں کہا گیا کہ شریف خاندان اور دیگر پر 7 ارب 32 کروڑ روپے سے زائد کی لانڈرنگ اور غیر قانونی اثاثے بنانے کا الزام ہے، شہباز شریف پر 5 ارب روپے سے زائد کی لانڈرنگ اور غیر قانونی اثاثے بنانے کا الزام ہے، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز پر ایک ارب روپے تک کے اثاثوں کی لانڈرنگ کا الزام ہے۔نیب ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت 16 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ ریفرنس میں شہباز شریف، سلمان شہباز، حمزہ شہباز، رابعہ شہباز، نصرت شہباز کو فریق بنایا گیا ہے۔ نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے مطابق دیگر ملزمان میں نثار احمد، شاہد رفیق، یاسر مشتاق، محمد مشتاق، آفتاب محمود اور محمد عثمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ دیگر ملزمان میں طاہر نقوی، قاسم قیوم، فضل داد عباسی اور علی احمد کو نامزد کیا گیا ہے۔نیب ریفرنس کے مطابق شہباز شریف سمیت 4 ملزمان وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں۔ جن گواہوں کو معافی دی گئی ہے ان میں شاہد رفیق، یاسر مشتاق، محمد مشتاق اور آفتاب محمود شامل ہیں۔ ریفرنس میں سلمان شہباز کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔